اہم ترین خبریںشیعت نیوز اسپیشلعراق

آیت اللہ جوادی آملی اور آیت اللہ سیستانی کی تاریخی ملاقات، تفسیرِ تسنیم کا تحفہ

قرآن و حدیث کے محور پر حوزاتِ نجف و قم کے تعاون پر زور

شیعیت نیوز : مفسرِ قرآن حکیم اور حوزہ علمیہ قم کے استاد بزرگوار آیت اللہ جوادی آملی نے نجفِ اشرف میں حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید علی سیستانی سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران آیت اللہ جوادی آملی نے تفسیرِ تسنیم کی ۸۰ جلدیں اور آخری جلد اپنے ہاتھ سے آیت اللہ سیستانی کی خدمت میں پیش کی۔ آیت اللہ سید علی سیستانی نے اسے نہایت احترام اور خصوصی توجّہ کے ساتھ قبول فرمایا۔

آیت اللہ سیستانی نے زیاراتِ مقاماتِ مقدسہ پر مبارکباد کے ساتھ تفسیرِ تسنیم کو شیعوں کے لیے اعزاز قرار دیا اور کہا کہ آپ نے چالیس سال قرآنِ کریم کے حضور محنت کے ساتھ کوشش کی، یہ باعثِ فخر ہے۔

یہ بھی پڑھیں : مزدور ملکی استحکام کا ستون، فلسطین کا دفاع ہماری بیداری کا امتحان، رہبر معظم

آیت اللہ سیستانی نے فرمایا کہ اصول اور محور قرآنِ کریم ہے، اہلِ بیت (ع) کی احادیث کو قرآن کے سامنے پیش کیا جانا چاہیے اور ان پر صرف اسی صورت بھروسہ اور عمل کیا جا سکتا ہے جب وہ قرآن کے مطابق ہوں۔ انہوں نے کہا کہ حوزہ علمیہ قم کے بارے میں ہمارا نظریہ حوزہ علمیہ نجف سے مختلف نہیں ہے اور ہم حوزات کے لیے اپنی صلاحیت کے مطابق ہر ممکن کوشش کریں گے۔

آیت اللہ جوادی آملی نے بھی حضرت آیت اللہ سیستانی کی ممتاز شخصیت کی تعریف کرتے ہوئے فرمایا کہ آپ جیسی عظیم شخصیت کا وجود حوزات اور ملتِ اسلامیہ کے لیے ایک عظیم نعمت ہے، آپ شیعوں اور عراقی عوام کے لیے ایک شفیق اور مہربان باپ کی طرح ہیں، ان شاء اللہ آپ کا سایہ قائم رہے۔ انہوں نے کہا کہ حوزہ علمیہ نجف بلاواسطہ اور بالواسطہ عالمِ اسلام کے لیے بہت سی برکات کا ذریعہ رہا ہے اور ہے، معاشرتی نظام کو برقرار رکھنے اور داعش جیسی تکفیری تحریکوں کا مقابلہ کرنے میں آپ کا کردار تاریخی اور دیرپا ہے۔ انہوں نے دونوں حوزات کے لیے آیت اللہ سیستانی کی گرانقدر خدمات کی قدردانی کرتے ہوئے شکریہ ادا کیا اور حوزات کے درمیان زیادہ رابطے پر زور دیا۔

متعلقہ مضامین

Back to top button