علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کا سیمینار سے خطاب: آئین شکن وفاق کے دشمن ہیں
شیعیت نیوز : مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے چیئرمین سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی نیشنل پریس کلب میں تحریک تحفظ آئین پاکستان کی جانب سے "پاکستان کو درپیش مسائل کا حل اور مستقبل کی سیاسی حکمت عملی” کے عنوان پر منعقدہ سیمینار میں شرکت، سیمینار میں محمود خان اچکزئی، مصطفی نواز کھوکھر، اسد قیصر، لطیف کھوسہ و دیگر رہنما بھی شریک ہوئے۔
چیئرمین ایم ڈبلیو ایم علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جو آئین پر حملہ کرتا ہے وہ فیڈریشن پر حملہ کرتا ہے، قانون کی عملداری اس وقت تک ممکن نہیں جب تک قانون کی پاسداری کرنے والے حاکم اقتدار میں نہ ہوں۔ پاکستان کے مسائل کی وجہ آئین کے تقدس کی پامالی اور قانون کی عملداری نہ ہونا ہے، آئین شکن پاکستان اور وفاق کا دشمن ہے۔ خود کو بھکاری کہنے والے پاکستان کا دفاع نہیں کر سکتے، قوم و ملت کو ٹکڑوں میں تقسیم کرنے والے وطن کا دفاع نہیں کر سکتے۔ سترہ سیٹیں جیتنے والے کس منہ سے ملک کی نمائندگی کر رہے ہیں؟ ملک اپنے بدترین دور سے گزر رہا ہے، سب سے زیادہ سیاسی قیدی پنجاب سے ہیں، عوام عمران خان پر اعتماد کرتے ہیں، پنجاب کی عوام نے تمام تر مصائب کے باوجود عمران خان کا ساتھ نہیں چھوڑا۔
یہ بھی پڑھیں : پاراچنار میں “محفلِ حسنِ قراءت بیادِ شہداء” کا روحانی انعقاد
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا کوئی کچھ نہیں بگاڑ سکتا، ہم پاکستان کے ساتھ ہیں، کسی آئین شکن کے ساتھ نہیں۔ لاقانونیت اور آئین شکنی کے خلاف عوام متحد ہو۔ ایک دن ضرور آئے گا جب وطن عزیز میں قانون اور آئین کی بالا دستی قائم ہو گی۔ 9 مئی بھی فالس فلیگ آپریشن تھا، اس کی بھی غیر جانبدارانہ تحقیقات ہونی چاہئیں۔ ہزاروں لوگوں کو جیلوں میں ڈالا گیا ہے، مودی جو بول رہا ہے وہ جھوٹ ہے، پہلگام کی آڑ میں اپنے مکروہ عزائم کو پورا کرنا چاہتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام ہندوستان کے مقابلے میں متحد ہے۔ اس وقت پاکستان کو کوئی نقصان نہیں پہنچا سکتا، ہم پاکستان کے ساتھ ہیں، کسی طالع آزما کے ساتھ نہیں ہیں۔ ہمیں یقین ہے کہ جو تم بولتے ہو وہ جھوٹ ہے، مودی کا کوئی اعتبار نہیں۔ جب تک آزاد تحقیقات نہیں ہو جاتیں، اس کا کوئی اعتبار نہیں۔ پاکستان، پاکستان کے عوام کا ہے، کوئی فوج عوام کے بغیر کامیاب نہیں ہو سکتی۔ 9 مئی کو بھی فالس فلیگ آپریشن تھا، ان فالس فلیگوں نے انسانوں سے حقِ زندگی چھین رکھا ہے۔ ہم امریکہ کے غیر قانونی، غیر انسانی اقدامات کی مذمت کرتے ہیں۔ اسرائیل دمشق شہر کے نزدیک آ چکا ہے، ہمیں مذمت کرنی چاہیئے۔ کرم ایجنسی کے راستے بند ہیں، راستہ نہیں کھولا جا رہا، عوام کو سزا دی جا رہی ہے۔ یمن کے لوگوں کو غزہ کی حمایت کی سزا دی جا رہی ہے۔ ان شاء اللہ، مجھے امید ہے کہ اس وطن میں آئین کی بالادستی ہو گی، قانون کی حکمرانی ہو گی۔







