پاراچنار میں "محفلِ حسنِ قراءت بیادِ شہداء” کا روحانی انعقاد
شیعیت نیوز : مرکزی ادارہ تبلیغات پاراچنار کے زیرِ نگرانی مرکزی امام بارگاہ پاراچنار میں "محفلِ حسنِ قراءت بیادِ شہداء” کے عنوان سے ایک عظیم الشان اور روحانی پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔
اس بابرکت محفل میں قومی مشران، علمائے کرام، ایم این اے بمعہ ٹیم، اور زندگی کے مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
یہ بھی پڑھیں : صوبائی نصاب کانفرنس کے لیے علامہ مقصود ڈومکی کی ماہرین تعلیم و علماء سے اہم ملاقات
پروگرام کی سب سے نمایاں خصوصیت قرآن پاک کی تلاوت کا مقابلہ تھا، جس میں تقریباً 35 سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کے طلباء نے بھرپور حصہ لیا۔
اس مقابلے میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے پہلے چھ پوزیشن ہولڈرز کو خصوصی انعامات سے نوازا گیا، جبکہ تمام شرکاء قاری حضرات کو اعزازی شیلڈز پیش کی گئیں، جو ان کی حوصلہ افزائی اور محنت کا اعتراف تھا۔
اس موقع پر مرکزی ادارہ تبلیغات نے اس بات پر زور دیا کہ معاشرے میں قرآن کریم سے وابستگی کو مضبوط بنانے کی اشد ضرورت ہے، اور نئی نسل کو قرآن کی طرف راغب کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔







