مذہبی ہم آہنگی وقت کی ضرورت، دشمن کی سازشیں ناکام بنائیں گے، ڈاکٹر حسین اکبر
شیعیت نیوز : ادارہ منہاج الحسینؑ پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر علامہ محمد حسین اکبر نے لاہور میں وزارتِ مذہبی امور کے زیراہتمام منعقدہ ’’بین المذاہب ہم آہنگی دورِ جدید کی ضرورت‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دشمن جو ہمارے درمیان تفریق پیدا کرتا ہے، اسے ناکام بنانے کی ضرورت ہے۔ معاشرے میں مکالمہ قائم کریں تو مذہبی ہم آہنگی پیدا ہو سکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : امت مسلمہ کو جگانے کا وقت آ گیا، کراچی سے خیبر تک ملک بند ہوگا: امیر جماعت اسلامی
ڈاکٹر محمد حسین اکبر کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں مسلمانوں سے اقلیتوں کو حقوق زیادہ دیے گئے ہیں۔ دشمن چاہتا ہے کہ وطنِ عزیز میں بدامنی و مذہبی منافرت بڑھے، لیکن ہم یکجہتی سے اس سازش کو ناکام بنائیں گے۔
ڈاکٹر محمد حسین اکبر نے کہا کہ مذہبی ہم آہنگی اور سازشوں کی ناکامی کے لیے پاک افواج کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ پاک فوج دشمنانِ وطن اور دشمنانِ اسلام کے خلاف سیسہ پلائی دیوار ثابت ہوئی ہے۔
ڈاکٹر محمد حسین اکبر کا کہنا تھا کہ اسلام اپنے ماننے والوں کو تربیت دیتا ہے کہ تمام انسانیت سے محبت کرو۔ پوری انسانیت کو تباہ اور انسانی اقدار کو روندا جا رہا ہے۔ انسانی حقوق کے ٹھیکیداروں کی منفی سوچ سامنے آ چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ فلسطین میں جو کچھ ہو رہا ہے، انسانی حقوق کہاں ہیں؟ انسانی حقوق کے نام نہاد علمبردار کیوں خاموش ہیں؟ بطور اُمت ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم اپنے مظلوم فلسطینی بھائیوں کی مدد کریں، ان کے لیے آواز بلند کریں۔







