رہبر انقلاب کا مسلح افواج سے خطاب: دشمن اسلامی جمہوریہ کی ترقی سے خوفزدہ ہے
ایران کی ترقی دشمنوں کی مایوسی کا باعث ہے، مسلح افواج ہارڈ ویئر اور سافٹ ویئر دونوں سطح پر تیار رہیں، آیت اللہ خامنہ ای

شیعیت نیوز: رہبر معظم انقلاب اسلامی آیت اللہ خامنہ ای نے ملک کی مسلح افواج کے اعلیٰ کمانڈروں سے ملاقات کے دوران فرمایا کہ زیادہ سے زیادہ تیاری کو برقرار رکھنا اور ہارڈ ویئر و سافٹ ویئر کے میدان میں صلاحیتوں کو اپ گریڈ کرنا ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ دشمن اسلامی جمہوریہ کی ترقی سے مایوس اور خوفزدہ ہے۔ ہمیں اپنی کوتاہیوں کے ساتھ ساتھ ترقی کے پہلوؤں کو بھی نظر میں رکھنا چاہیے۔
آیت اللہ خامنہ ای نے فوج کو کسی بھی جارح کے مقابلے میں ملک کا حفاظتی حصار اور قوم کی پناہ گاہ قرار دیتے ہوئے اس قومی ذمہ داری کو پورا کرنے کے لیے زیادہ سے زیادہ آمادگی اور ہارڈ ویئر و سافٹ ویئر کے میدان میں ترقی پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی نے ایران کے دشمنوں کو مایوس کر دیا ہے، البتہ معاشی شعبے میں کمزوریاں موجود ہیں جن پر توجہ دینا ضروری ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ٹرمپ کی نظریں پاکستان کے ذخائر پر ہیں، علامہ جواد نقوی
اس ملاقات میں آیت اللہ خامنہ ای نے مسلح افواج کی ہارڈ ویئر تیاری پر زور دیتے ہوئے کہا کہ آمادگی کے ساتھ ساتھ سافٹ ویئر کے محاذ یعنی اپنے مشن پر ایمان اور اس راہ کی حقانیت پر یقین بھی نہایت اہم ہے۔
انہوں نے اسلامی نظام اور ملک کی خودمختاری کو دشمنوں کی دشمنی کی بنیادی وجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ دشمن کو اسلامی جمہوریہ کا نام نہیں، بلکہ ایک خودمختار مسلمان ملک کا وجود ناگوار گزرتا ہے، جو دوسروں پر بھروسہ کیے بغیر قومی وقار کا تحفظ چاہتا ہے۔
رہبر معظم انقلاب نے مغرب کے دوہرے معیار کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ وہ خود تباہ کن ہتھیاروں سے لیس ہیں لیکن دوسروں کو دفاعی ترقی کی اجازت نہیں دیتے۔ انہوں نے کہا کہ مسلح افواج میں ایمان، ارادہ، ہمت اور خدا پر بھروسہ اس سطح پر ہونا چاہیے کہ وہ ہر میدان میں سرخرو ہوں، کیونکہ جن افواج میں یہ عناصر نہ ہوں وہ ناکام ہو جاتی ہیں۔
انہوں نے سافٹ ویئر کی سطح پر تیاری کے لیے میڈیا، براڈکاسٹنگ اور اشتہارات کے اداروں کی کوششوں پر زور دیا اور کہا کہ آج کا ایران ماضی کی نسبت ہارڈ ویئر اور سافٹ ویئر دونوں میدانوں میں آگے ہے، اس کی ایک مثال ہزاروں غیرت مند نوجوانوں کا اس شعبے میں عملی خدمات انجام دینا ہے۔
آخر میں انہوں نے مسلح افواج اور ان کے اہل خانہ کو نئے سال کی مبارکباد دی اور افواج کے مشن میں ان کے خاندانوں کی قربانیوں کو سراہا۔
ملاقات کے آغاز میں ایران کے آرمی چیف جنرل باقری نے خطے کے حالات کا حوالہ دیتے ہوئے مسئلہ فلسطین پر عوامی بیداری اور غزہ و لبنان کی مزاحمت کو سراہا۔ انہوں نے دفاعی صلاحیتوں کو بڑھانے، جدید اسلحہ سازی، عسکری مشقوں اور سفارتی سطح پر مکمل ہم آہنگی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایران کی مسلح افواج دشمنوں کے ناپاک منصوبے خاک میں ملا دیں گی۔