ایرانی صدر کی ترک صدر کو عید الفطر کی مبارکباد، دوطرفہ ملاقات کی خواہش کا اظہار
شیعیت نیوز : ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے ترک ہم منصب رجب طیب اردوغان سے ٹیلیفونک گفتگو میں عید الفطر کی مبارکباد دی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
گفتگو کے دوران صدر پزشکیان نے اس امید کا اظہار کیا کہ ترک عوام اور دنیا بھر کے مسلمان اس بابرکت عید کے فیوض و برکات سے مستفید ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں : عراق میں یوم القدس کے شاندار اجتماعات، فلسطینیوں کے حق میں گونج اٹھا بغداد
ایرانی صدر نے روزہ داروں کی عبادات کی قبولیت کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ وہ ترک صدر سے جلد ملاقات کے خواہاں ہیں تاکہ دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور مشترکہ علاقائی و بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا جا سکے۔
ترک صدر رجب طیب اردوغان نے بھی ایرانی عوام اور رہبر معظم انقلاب اسلامی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور دعا کی کہ یہ عید ایران سمیت تمام مسلم اقوام کے لیے خیر و برکت کا باعث ہو۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران اور ترکی کے مشترکہ اقتصادی کمیشن کا اجلاس آئندہ مہینوں میں متوقع ہے، جہاں دونوں ممالک باہمی تعاون اور علاقائی و بین الاقوامی امور پر تفصیلی بات چیت کریں گے۔






