اہم ترین خبریںپاکستان

شہر اقتدار بڑی تباہی سے بچ گیا، سی ٹی ڈی نے لشکر جھنگوی کے 2 دہشتگرد گرفتار کرلیے

اسلام آباد میں آئی نائن تھانے کی حدود میں سی ٹی ڈی کی اہم کاروائی، لشکر جھنگوی کے دو اہم دہشتگرد گرفتار کر لئے گئے

شیعیت نیوز : راولپنڈی اور اسلام آباد بڑی تباہی سے بچ گئے جبکہ راولپنڈی مغل مارکیٹ کے قریب سی ٹی ڈی نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے تھانہ آئی نائن پر حملے میں ملوث لشکر جھنگوی کے 2 انتہائی خطرناک دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔

ترجمان سی ٹی ڈی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق راولپنڈی مغل مارکیٹ کے قریب سی ٹی ڈی نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے تھانہ آئی نائن پر حملے میں ملوث لشکر جھنگوی کے 2 انتہائی خطرناک دہشت گرد حمزہ اور رومان کو گرفتار کر لیا۔

دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا، جس کے نتیجے میں دونوں دہشت گردوں کو حراست میں لے لیا گیا۔

گرفتار دہشت گرد راولپنڈی اور اسلام آباد میں حساس مقامات پر دہشت گردی کے لیے ریکی مکمل کر چکے تھے اور لشکر جھنگوی کے اہم کمانڈر کے ساتھ رابطے میں تھے۔

یہ بھی پڑھیں : شہادت مولا علیؑ کراچی مرکزی جلوس کے لئے ٹریفک پلان جاری کردیا گیا

گرفتاری کے دوران دہشت گردوں سے دستی بم، بھاری مقدار میں بارودی مواد، ڈیٹونیٹر، سیفٹی فیوز، وائر اور دیگر تخریبی سامان برآمد کیا گیا ہے۔

سی ٹی ڈی نے دہشت گردوں کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔

ابتدائی تفتیش میں دہشت گردوں نے انکشاف کیا ہے کہ چند ماہ قبل تھانہ آئی نائن پر ہینڈ گرنیڈ سے حملہ بھی انہوں نے کیا تھا۔

سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ایسے عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی تاکہ شہریوں کو محفوظ رکھا جا سکے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button