اہم ترین خبریںپاکستانپاکستان کی اہم خبریں

پاکستان اسلاموفوبیا کے خلاف عالمی جنگ میں اہم قوت ہے، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار

نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار نے بین المذاہب ہم آہنگی اور باہمی احترام کو فروغ دینے پر زور دیا

شیعیت نیوز: پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان تمام مذاہب اور ثقافتوں کے درمیان رواداری، ہم آہنگی اور باہمی احترام کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔ اسلاموفوبیا کے خلاف عالمی جنگ میں پاکستان ایک اہم قوت رہا ہے۔ اسلاموفوبک بیان بازی، قرآن کی بے حرمتی، نفرت انگیز تقاریر اور مسلم کمیونٹیز، مساجد اور مقدس نشانات پر حملوں کے بڑھتے ہوئے واقعات انتہائی پریشان کن اور مکمل طور پر ناقابل قبول ہیں، جس کے لیے فوری اور مضبوط عالمی ردعمل کی ضرورت ہے۔

اسلاموفوبیا سے نمٹنے کے عالمی دن کے موقع پر ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا کہ آج اسلاموفوبیا سے نمٹنے کے عالمی دن کے موقع پر پاکستان تمام مذاہب اور ثقافتوں کے درمیان رواداری، ہم آہنگی اور باہمی احترام کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔ اسلاموفوبک بیان بازی، نفرت انگیز تقاریر اور مسلم کمیونٹیز، مساجد اور مقدس نشانات پر حملوں کے بڑھتے ہوئے واقعات انتہائی پریشان کن اور مکمل طور پر ناقابل قبول ہیں، جس کے لیے فوری اور مضبوط عالمی ردعمل کی ضرورت ہے۔

بھی پڑھیں: شیعہ علماء کونسل پاکستان کا جامعہ حقانیہ کا دورہ: مولانا حامد الحق حقانی شہید کی رحلت پر تعزیت

انہوں نے کہا کہ قرآن پاک کی بے حرمتی اور دنیا بھر میں مسلمانوں کی مسلسل پسماندگی نہ صرف اسلامی اقدار پر حملہ ہے بلکہ بنیادی انسانی حقوق اور مذہبی آزادی کے اصولوں کی سنگین خلاف ورزیاں بھی ہیں۔ محمد اسحاق ڈار نے کہا کہ اسلاموفوبیا کے خلاف عالمی جنگ میں پاکستان ایک اہم قوت رہا ہے۔ اسلامی تعاون تنظیم (OIC) کے ساتھ مل کر پاکستان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی (UNGA) کے 15 مارچ کو اسلاموفوبیا سے نمٹنے کے عالمی دن کے طور پر نامزد کرنے کے تاریخی فیصلے میں اہم کردار ادا کیا۔

بعد ازاں پاکستان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی ایک اور قرارداد کی منظوری میں بھی اہم کردار ادا کیا تھا، جس میں تمام ریاستوں پر زور دیا گیا تھا کہ وہ اسلاموفوبیا کی کارروائیوں کو مجرمانہ بنانے کے لیے قوانین پر عمل درآمد کریں اور اس کے ساتھ ساتھ اس مسئلے کے حل کے لیے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل سے خصوصی ایلچی مقرر کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ اسلاموفوبیا سے نمٹنے کے عالمی دن کے موقع پر پاکستان بین الاقوامی برادری پر زور دیتا ہے کہ وہ امتیازی قانون سازی میں اصلاحات، نفرت انگیز تقاریر کا مقابلہ کرنے اور باہمی احترام کو فروغ دینے کے لیے حقیقی بین المذاہب مکالمے کو فروغ دینے کے لیے ٹھوس اور موثر اقدامات پر عمل درآمد کرے۔ مزید برآں، سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر نفرت کا پرچار کرنے والوں کا احتساب کرتے ہوئے اور اسلاموفوبیا کو تقویت دینے والے نقصان دہ مواد کو ہٹانے کو یقینی بناتے ہوئے اہم ذمہ داری قبول کرنی چاہیے۔

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا کہ تعلیم تعصب کے خاتمہ اور زیادہ جامع اور ہمدردانہ نقطہ نظر کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئیں ایک ایسی دنیا تعمیر کریں جس میں تمام عقائد کے لوگ ایک دوسرے کے ساتھ ہم آہنگی سے رہ سکیں، جہاں خوف پر افہام و تفہیم غالب ہو اور باہمی احترام تقسیم سے بالاتر ہو۔

متعلقہ مضامین

Back to top button