ڈیرہ اسماعیل خان : کالعدم لشکر جھنگوی کی فائرنگ سے سید تنویر حسین شاہ شہید، تکفیری دہشتگرد آزاد
موٹر سائیکل سوار مسلح دہشتگردوں کی فائرنگ سے سید تنویر حسین شاہ موقع پر شہید، حکومت اور سیکیورٹی ادارے خاموش

شیعیت نیوز: اطلاعات کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل کلاچی کے علاقہ مڈی گیٹ پر کالعدم لشکر جھنگوی اور سپاہ صحابہ کے تکفیری دہشتگردوں نے فائرنگ کر کے سید تنویر حسین شاہ کو شہید کردیا۔ موٹر سائیکل پر سوار مسلح دہشتگردوں نے سید تنویر حسین شاہ پر اچانک فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی شہید ہو گئے۔ حملہ آور واقعے کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ شہید سید تنویر حسین شاہ کو کالعدم لشکر جھنگوی اور سپاہ صحابہ کے دہشتگردوں کی جانب سے عرصہ دراز سے جان سے مار دینے کی دھمکیاں موصول ہو رہی تھیں۔
یہ بھی پڑھیں: شہید علامہ حسن ترابی کے فرزند کے قاتل تھانے سے غائب، لواحقین سراپا احتجاج
اس سے قبل بھی ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل کلاچی کے علاقہ مڈی گیٹ میں مرکزی امام بارگاہ حضرت امام حسینؑ (تھلہ نمبر 1) میں رات گئے ایک زور دار دھماکہ ہوا تھا، جس کے نتیجے میں امام بارگاہ کے ساتھ ملحقہ گھروں اور دکانوں کو بھی نقصان پہنچا تھا۔ جبکہ امام بارگاہ حضرت امام حسینؑ کے متولی شمشیر علی کو بھی تکفیری دہشتگردوں کی جانب سے سنگین نتائج کی دھمکیاں ملی تھیں، جس کے بعد وہ پنجاب منتقل ہو گئے تھے۔
ڈیرہ اسماعیل خان میں مسلسل شیعہ ٹارگٹ کلنگ اور امام بارگاہوں پر کالعدم لشکر جھنگوی اور سپاہ صحابہ کے تکفیری دہشتگردوں کی کاروائیاں حکومت وقت اور سکیورٹی اداروں کی کارکردگی پر سنگین سوالات اٹھا رہی ہیں۔ یہاں پر منظم انداز میں شیعہ نسل کشی اور جبری نقل مکانی کروائی جا رہی ہے، جبکہ تکفیری دہشتگرد تسلسل کے ساتھ باآسانی وارداتیں انجام دے رہے ہیں۔ سیکیورٹی کے ذمہ دار ادارے ان قاتلوں کے خلاف کسی قسم کی کاروائی کرنے کے بجائے آنکھیں بند کیے بیٹھے ہیں۔