غزہ کی فتح کے بعد امریکہ کی شکست کا جشن منائیں گے، آیت اللہ خاتمی
آیت اللہ سید احمد خاتمی کا تاریخی بیان: ایران کی طاقت اور امریکہ کی شکست کا جشن

شیعیت نیوز: تہران میں خطیب نماز جمعہ آیت اللہ سید احمد خاتمی نے کہا کہ جس طرح مزاحمت و استقامت کے ذریعے غزہ فتح ہوا ہے، اسی طرح ہم ایک دن نماز جمعہ کے دوران امریکہ کی شکست کا بھی جشن منائیں گے۔
تہران میں خطیب نماز جمعہ نے مزید کہا کہ دنیا کو معلوم ہونا چاہیے کہ امریکہ کے بارے میں حکومت کا موقف بھی، امام خمینی (رح) اور رہبر انقلاب اسلامی کا بیان کیا ہوا موقف ہے۔ بانی انقلاب اسلامی امام خمینی رح نے فرمایا تھا کہ امریکہ سب سے بڑا شیطان ہے اور رہبر انقلاب اسلامی آيۃ اللہ العظمی خامنہ ای نے بھی بارہا اسی موقف کا اعادہ کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ٹرمپ کا ایران کے جوہری معاہدے پر نیا موقف: ایران کے ساتھ معاہدہ کیا جاسکتا ہے
آیت اللہ سید احمد خاتمی نے غزہ میں جنگ بندی کے بارے میں کہا کہ یہ جنگ بندی غاصب صیہونی حکومت کے لیے ایک یقینی اور حتمی شکست ہے کہ جس کا ثبوت اس کے حکام کی جانب سے پے در پے استعفے دینا ہے۔ آیت اللہ خاتمی نے کہا کہ وہ نعرے لگاتے تھے کہ حماس کو نابود کردیں گے، لیکن تحریک حماس نہ صرف نابود نہیں ہوئی بلکہ ایک طاقت بن کر ابھری ہے۔ تہران میں خطیب نماز جمعہ نے غزہ میں شکست خوردہ چار گروہوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ غزہ میں شکست کھانے والے چار گروہ امریکہ، صیہونی حکومت، یورپی ممالک اور انسانی حقوق کی تنظیمیں ہیں۔
آیت اللہ خاتمی نے نئے امریکی صدر کے طور پر ڈونلڈ ٹرمپ کے برسر اقتدار آنے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی قوم کے لیے ریپبلکن اور ڈیموکریٹس میں کوئی فرق نہیں ہے- بدقسمتی سے امریکا نے اسلامی انقلاب کی کامیابی کے بعد سے اب تک، ایران کے خلاف انتہائی شرمناک اقدامات کئے ہيں۔ آیت اللہ خاتمی نے ایران کے خلاف صیہونی حکومت کی حالیہ دھمکیوں کے جواب میں بھی کہا کہ ایران پر فوجی حملہ کام نہیں آئے گا۔ آج کا ایران کل کا ایران نہیں ہے، بلکہ ایک طاقتور ایران ہے جو تمہارا مقابلہ کرے گا۔