اہم ترین خبریںپاکستانپاکستان کی اہم خبریں

پارہ چنار کو غزہ بنانے کی سازش ناکام بنانی ہوگی، دینی رہنما اتحاد و بصیرت کا مظاہرہ کریں، علامہ راجہ ناصر عباس جعفری

شہدائے مقاومت نے غاصب قوتوں کو مشرق وسطیٰ میں عبرتناک شکست دی، علامہ راجہ ناصر عباس جعفری

شیعیت نیوز: مجلس وحدت مسلمین پاکستان ضلع اسلام آباد، راولپنڈی کے زیر اہتمام مرکزی مجلس تکریم شہداءِ مقاومت، شہداء پارہ چنار و ملت جعفریہ پاکستان میں لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور شہداء اسلام کو شاندار خراج عقیدت و سلام پیش کیا۔ مجلس تکریم کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان، سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ شہدائے مقاومت ہمالیہ سے بھی بلند دشمن کے سامنے سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے ہو گئے اور غاصب قوتوں کو مشرق وسطیٰ میں عبرتناک شکست سے دوچار کر دیا۔

انہوں نے کہا کہ ایک قرآن شناس اور بابصیرت رہبر کی رہنمائی میں، جن کا ہر قدم قرآن و اہل بیت کی تعلیمات کے عین مطابق اٹھتا ہے، قوم کو کامیابی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے۔ جو لیڈر تعلیمات قرآن و اہل بیت پر عمل پیرا نہیں، وہ خود بھی گمراہ ہے اور قوم کو بھی منزل مقصود تک نہیں پہنچا سکتا۔ انقلاب اسلامی نے عالمی استعماری طاقتوں سے نجات دلائی اور معرکہ آرائی شروع ہو گئی، جو کہ اب نئے مرحلے میں داخل ہو چکی ہے۔ یہ معرکہ حق و باطل جاری رہے گا اور فتح و نصرت ہمیشہ دین اسلام کے ماننے والے حق پرستوں کی ہی ہو گی۔

یہ بھی پڑھیں: قوم کو مہنگائی کے بھنور میں دھکیل کر حکمرانوں نے امریکہ کے ایجنڈے پر عمل کیا، علامہ حسن ظفر نقوی

انہوں نے مزید کہا کہ دنیا کا میڈیا ان پسے ہوئے مظلوموں کی آواز دبانے میں لگا ہوا ہے، لیکن وہ اپنے مذموم عزائم میں ناکام رہے ہیں۔ مقاومت نے دنیا کی بڑی طاقتوں کے وائٹ ہاؤس روند ڈالے، نہتے فلسطینیوں نے خطے میں امریکہ کے اہم ترین ستون کو زمین بوس کر دیا اور اپنی سرزمین پر عزت و وقار کے ساتھ واپس کھڑے ہو گئے۔

انہوں نے کہا کہ غزہ کے مسئلے پر ہم سب اکٹھے تھے اور ہیں، لیکن اسلام دشمن قوتوں نے تکفیری عناصر اور خوارج کو استعمال کر کے پاکستان میں پارہ چنار کو غزہ بنانے کی کوشش کی تاکہ ہم سب کی توجہ غزہ سے ہٹ جائے۔ انہیں معلوم ہے کہ اگر شیعہ سنی وحدت قائم رہا تو یہ سب شکست کھا جائیں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پارہ چنار کی صورتحال اس فتنے کا بڑا منصوبہ ہے اور یہ گلگت بلتستان سے بھی شروع کر سکتے ہیں۔ یہ ہر اس جگہ سے کوشش کریں گے جہاں سے یہ آگ پورے ملک میں پھیل جائے۔ لہذا تمام حکومتی ذمہ دار پارہ چنار کے مسئلے کو فی الفور حل کریں۔ انسانی المیہ جنم لے چکا ہے، غفلت مت کریں اور محب وطن عوام کے اعتماد کو مت توڑیں۔ تین ماہ سے زائد وقت ہو چکا ہے اور محاصرے سے پیدا شدہ صورتحال انتہائی کربناک اور خطرناک ہو چکی ہے۔ دہشت گردوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے، جو قافلوں اور سیکورٹی فورسز پر مسلسل حملہ آور ہیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button