قوم کو مہنگائی کے بھنور میں دھکیل کر حکمرانوں نے امریکہ کے ایجنڈے پر عمل کیا، علامہ حسن ظفر نقوی
دجالی نظام کو امریکہ، اسرائیل اور بھارت چلا رہے ہیں، اہم میڈیا چینلز بے حیائی کو فروغ دے رہے ہیں، مقررین کا خطاب

شیعیت نیوز: مجلس وحدت مسلمین پاکستان ضلع اسلام آباد، راولپنڈی کے زیر اہتمام مرکزی مجلس تکریم شہداءِ مقاومت، شہداء پارہ چنار و ملت جعفریہ پاکستان کا انعقاد کیا گیا۔ مجلس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ سید حسن ظفر نقوی نے کہا کہ حکمرانوں نے قوم کو مہنگی بجلی، گیس کے بلوں اور مہنگائی کے بھنور میں دھکیل کر ان کی توجہ اس بات سے ہٹا دیا ہے کہ ملک میں امریکہ کیا کر رہا ہے۔ ان نااہل اقتدار پرستوں کو جب لایا جاتا ہے تو کچھ طے کیا جاتا ہے، یہ سب حصول کرسی کے لیے یقین دہانیاں کروا کر آتے ہیں۔ کون سی چیز ملک میں سستی ہوئی ہے؟ امن و امان میں بہتری کی بجائے بدتری آئی ہے۔ روزگار کی فراہمی میں یہ ناکام ہو چکے ہیں، اور آئے روز جوان ملک چھوڑنے کی وجہ سے زندگیوں کی بازی ہار رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی سیکورٹی ختم کرنے کا فیصلہ متعصبانہ ہے، ایم ڈبلیو ایم
علامہ حسن ظفر نقوی نے کہا کہ پی ٹی وی دیکھنے سے لگے گا کہ سب ہریالی ہے اور پاکستان امریکہ سے بھی آگے نکل گیا ہے۔ لیکن جب تک دجالی نظام رائج ہے، ملک ترقی نہیں کرے گا۔ اس نظام کو امریکہ، برطانیہ، اسرائیل اور بھارت چلا رہے ہیں۔ اہم میڈیا چینلز اپنے مفادات کی خاطر بے حیائی کو رواج دے رہے ہیں اور دجالی حکمرانوں کے خلاف مکمل خاموش رہتے ہیں۔
مجلس کے دیگر مقررین میں علامہ سید حسنین گردیزی، علامہ اصغر عسکری، علامہ سید علی اکبر کاظمی، مولانا تصور مہدی، اور سبز علی شہزاد شامل تھے۔