تکریم شہداء کانفرنس: پاراچنار کے مظلوم عوام کی بحالی کا مطالبہ
مجلس وحدت مسلمین خیبرپختونخوا کے زیر اہتمام کانفرنس، حکومتی نااہلی پر شدید تنقید

شیعیت نیوز: مجلس وحدت مسلمین پاکستان خیبرپختونخوا کی جانب سے تکریم شہداء کانفرنس کا انعقاد مدرسہ شہید سید عارف حسین الحسینی میں ہوا۔ کانفرنس میں صوبائی صدر علامہ جانزیب علی جعفری، جنرل سیکرٹری شبیر حسین ساجدی، مرکزی رہنما مجلس وحدت مسلمین علامہ زاہد عباس کاظمی، ممبر قومی اسمبلی و پارلیمانی لیڈر انجینئر حمید حسین، صدر تحریک حسینی پاراچنار علامہ تجمل حسین، علامہ نذر حسین، علامہ عابد حسین شاکری، علامہ احسان محسنی، صوبائی کابینہ اور ضلعی صدور نے شرکت کی۔
کانفرنس کا آغاز شہداء پاراچنار کے لیے قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی سے کیا گیا، جس کے بعد مقررین نے پاراچنار کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے حکومتی لاپرواہی اور گرینڈ جرگے کی ناکامی پر شدید تنقید کی۔ مقررین کا کہنا تھا کہ یہ جرگہ، جو 12 دن سے جی او سی کی نگرانی میں جاری ہے، مشران کی تذلیل اور وقت کے ضیاع کے علاوہ کچھ نہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پاراچنار میں قیام امن: سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری اور وزیر اعلیٰ کے پی کی اہم ملاقات
مقررین نے کہا کہ پاراچنار میں ادویات، گھی، چینی اور خوراک کی شدید قلت ہے، لوگ ابلے ہوئے چاول کھانے پر مجبور ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آپریشن کے بعد کی بات بعد میں کی جائے، پہلے لوگوں کی زندگیاں بچائی جائیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ وہ دہشتگرد کہاں فرار ہو گئے جنہوں نے قافلے پر فائرنگ کی؟
شیعہ اور سنی عمائدین سے اپیل کی گئی کہ وحدت کا مظاہرہ کریں اور حالات کو مزید خراب ہونے سے بچائیں۔ مقررین نے واضح طور پر کہا کہ اگر ہمیں مارنا ہی ہے تو ایک ہی بار مار دیا جائے، لیکن ظلم و ستم کا یہ سلسلہ ختم کیا جائے۔ ان کا پرزور مطالبہ تھا کہ فوراً روڈ کھول کر کرم کے عوام کی زندگی بحال کی جائے۔
مطالبات:
- پاراچنار میں ادویات اور خوراک فوری فراہم کی جائیں۔
- 200 سے زائد افراد شہید ہو چکے ہیں، ایسے حالات میں شیعہ و سنی عوام اپنے دفاع کے لیے اقدامات کرنے پر مجبور ہیں۔
- اس جنگ کو فوری طور پر روکا جائے اور ریاست اپنی ذمہ داری نبھائے۔
- امن کے قیام کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔
- آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد کیا جائے۔
- مزید جرگے غیر نتیجہ خیز ہیں، اہلسنت و تشیع دونوں چاہتے ہیں کہ امن قائم ہو۔
مقررین نے تنبیہ کی کہ اگر فوری طور پر روڈ نہ کھولا گیا تو ملک بھر میں دھرنے اور احتجاج کیے جائیں گے اور عوام خود سڑکیں کھولنے پر مجبور ہوں گے۔
کانفرنس میں صحافی حضرات نے بھی شرکت کی اور کانفرنس کے اختتام پر میڈیا سے گفتگو کی۔ آخر میں صوبائی صدر علامہ جانزیب علی جعفری نے دعائے امام زمانہ علیہ السلام کے ساتھ اجلاس اور تکریم شہداء کانفرنس کا اختتام کیا۔