پاراچنار کی صورتحال مخدوش، وفاقی حکومت اور علی امین گنڈاپور جواب دہ ہیں: سینیٹر علامہ ناصر عباس جعفری

01 دسمبر, 2024 05:02

شیعیت نیوز: سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے صحافیوں سے آن لائن گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایک دن مسافروں پر حملہ ہوتا ہے اور دوسرے دن گاؤں پر، ضلع کرم کی صورتحال مخدوش ہے۔ کون سا ملک اپنے وطن کے بیٹوں کو آپس میں لڑاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاراچنار مسئلے پر وفاقی حکومت اور علی امین گنڈاپور جواب دہ ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے ایک ڈی سی کو تبدیل نہیں کیا، ایک ہفتے سے پاراچنار میں جاری جنگ ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت ہے۔ سنی مقتول ہو یا شیعہ، میرے دونوں بھائی ہیں۔ کون سی ریاست اپنے وطن کے بیٹوں کو آپس میں لڑاتی ہے؟ اسلام آباد تو فوری طور پر کلیئر ہو گیا ہے، جبکہ پاراچنار کرم کی شاہراہ ڈیڑھ ماہ سے مسلسل بند ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پارا چنار میں 100 سے زائد لاشیں ہیں گنڈاپورکو اسلام آباد میں تلاش میں ہے،پہلے اپنے صوبہ کے حالات تو ٹھیک کرے،بلاول بھٹو کی کڑی تنقید

سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے مزید کہا کہ وزیر داخلہ اور وزیراعظم پاراچنار کی سنگین صورتحال کے ذمہ دار اور جواب دہ ہیں۔ پاراچنار پر روز بروز دہشت گردوں کے حملے ہو رہے ہیں۔ وہاں کی سڑکوں پر دہشت گرد قابض ہیں، معصوم شہریوں کا قتل عام ہو رہا ہے، لیکن حکمرانوں کے کان پر جوں تک نہیں رینگ رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں قتل عام پر عدلیہ نے کوئی نوٹس نہیں لیا، کیونکہ عدلیہ کے ہاتھ باندھے جا چکے ہیں۔ عدالتیں عوام کے لیے بند ہو چکی ہیں، احتجاج کے راستے بند ہو چکے ہیں۔ احتجاج کے لیے نکلیں تو فائرنگ کی جاتی ہے۔ ایسے میں پاکستان کی عوام کہاں جائے؟

ایم ڈبلیو ایم کے چیئرمین نے مزید کہا کہ اسلام آباد کے ڈی چوک میں چھ گھنٹوں میں شاہراہیں خالی کروانے والے سیکیورٹی اداروں کی اہلیت کا یہ عالم ہے کہ چھ ماہ ہو گئے، لیکن وہ پاراچنار کے راستے میں امن قائم کرنے میں ناکام ہیں۔ وہاں دہشت گردوں کو کھلی چھٹی دی گئی ہے کہ عوام کا قتل عام ہوتا رہے۔ نہتے عوام پر ظلم و ستم کے پہاڑ توڑے جا رہے ہیں۔ عوام پر امن احتجاج کے لیے نکلیں تو فائرنگ کی جاتی ہے۔ عوام کہاں جائیں؟

انہوں نے مزید کہا کہ گولیاں مارنے اور قتل کرنے سے اگر کوئی جیت سکتا تو شاہ ایران کا تختہ کبھی نہ الٹتا۔ ان کے گولیاں مارنے سے نہ کوئی ڈرا ہے اور نہ ہی کوئی گھبرایا ہے۔ یہ خود ملک کو خانہ جنگی کی طرف دھکیل رہے ہیں۔

1:04 شام مارچ 26, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔