غزہ کی حمایت سے پیچھے نہیں ہٹیں گے، عبدالملک الحوثی
غزہ کی حمایت ہماری ذمہ داری، اسلامی ممالک کے کمزور موقف پر افسوس: عبدالملک الحوثی
شیعیت نیوز: المسیرہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق، یمن کی انصار اللہ کے سربراہ عبدالملک الحوثی نے لبنان میں جنگ بندی کو غاصب صہیونی رجیم کے خلاف حزب اللہ کی شاندار فتح قرار دیتے ہوئے لبنانی عوام اور مقاومت کو مبارکباد پیش کی ہے۔
الحوثی نے اپنے بیان میں کہا کہ لبنان میں جنگ بندی کے بعد غزہ کی حمایت کی ذمہ داری پہلے سے زیادہ بڑھ گئی ہے، اور یمن کبھی بھی غزہ کے عوام کی حمایت سے دستبردار نہیں ہوگا۔
انہوں نے زور دیا کہ غزہ کے عوام جن مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں، اس کے پیش نظر موجودہ صورتحال انتہائی اہم اور حساس ہے، اور ان کی مدد ہر ممکن طریقے سے کی جانی چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں: شام میں تکفیری فتنہ ایک بار پھر سر اٹھانے لگا حلب پر حملے کا اعلان
انصار اللہ کے رہنما نے امریکی سیاسی دباؤ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ عراق میں مزاحمتی محاذ کو کمزور کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
الحوثی نے افسوس کا اظہار کیا کہ اسلامی ممالک نے غزہ کی حمایت کے لیے کوئی ٹھوس موقف یا عملی قدم نہیں اٹھایا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بین الاقوامی فوجداری عدالت کا نیتن یاہو کے خلاف فیصلہ کافی تاخیر سے جاری ہوا۔ یہ فیصلہ غزہ جنگ کے آغاز میں الاہلی اسپتال کے قتل عام کے بعد ہی آنا چاہیے تھا۔
انہوں نے امریکہ اور یورپی ممالک پر زور دیا کہ وہ قابض صہیونی رجیم کو ہتھیاروں کی فراہمی اور فوجی مدد بند کرنے کے لیے دباؤ ڈالیں۔
الحوثی نے انصار اللہ کی کامیابیوں پر بات کرتے ہوئے کہا کہ قابض صہیونی رجیم کو بحیرہ احمر سے بحری جہازوں کی نقل و حرکت محدود کرنے پر مجبور کیا گیا ہے، جس سے انہیں اقتصادی طور پر شدید نقصان پہنچا ہے۔