جنگ بندی کے بعد لبنانی عوام اجڑے گھروں کی طرف لوٹنے لگے
دشمن کی تباہ کاریوں کے باوجود لبنانی عوام کا حوصلہ بلند، تعمیر نو کا عزم

شیعیت نیوز: لبنان اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کے بعد جنوبی لبنان کے عوام اپنے اجڑے گھروں کو واپس لوٹنے لگے ہیں۔ سوشل میڈیا پر گردش کرتی متعدد تصاویر اور ویڈیوز میں لوگ خوشی، غم، اور ملال کے ملے جلے جذبات کے ساتھ اپنے گھروں کی طرف بڑھتے نظر آ رہے ہیں۔
یہ وہی گھر ہیں جنہیں چند گھنٹوں کے اندر خالی کرنے کا حکم دیا گیا تھا، اور اس کے بعد دشمن نے ان پر بمباری کر دی۔ کچھ گھر سلامت رہے، لیکن کئی ایک ملبے کا ڈھیر بن چکے ہیں۔ دشمن کی حکمت عملی تھی کہ زیادہ سے زیادہ گھروں کو تباہ کر کے عوام کو حزب اللہ کی حمایت سے باز رکھا جائے۔
یہ بھی پڑھیں: غزہ میں مقاومت ناقابل شکست ہے، صہیونی مبصرین کا اعتراف
جنگ کے دوران دشمن نے رہائشی علاقوں کے ساتھ ساتھ تاریخی اور مقدس عمارتوں کو بھی نشانہ بنایا۔ جنوبی لبنان کے شیعہ مسلمان دربدر ہو گئے اور لاکھوں افراد نے پناہ لینے پر مجبور ہو کر اپنے گھروں کو چھوڑ دیا۔ کئی لوگوں نے اپنے عزیزوں کو کھو دیا، لیکن ان تمام نقصانات کے باوجود لبنانی عوام کے حوصلے پست نہیں ہوئے۔
لبنانی قوم نے عالمی طاقتوں کی پشت پناہی کے باوجود دشمن کو اپنی زمین پر قبضہ کرنے سے باز رکھا۔ بے پناہ جانی اور مالی نقصانات سہنے کے باوجود لبنانی عوام نے حسینی جذبے اور عزم کے ذریعے دشمن کو پسپائی پر مجبور کر دیا۔
جنگ بندی کے بعد جنوبی لبنان کے عوام اب ایک نئی جنگ کا سامنا کریں گے: تعمیر نو کی جنگ۔ یہ مرحلہ تباہ شدہ گھروں، قوم کی کھوئی ہوئی شناخت، اور تاریخی ورثے کو دوبارہ زندہ کرنے کے لیے ہوگا۔
جنوبی لبنان کے عوام زخمی دلوں کے ساتھ، مگر سر فخر سے بلند کر کے، اپنے مستقبل کی تعمیر کے لیے تیار ہیں۔