دنیا عالمی یوم اطفال منا رہی ہے تو اسرائیل ہزاروں بچے قتل کر رہا ہے، علامہ ساجد نقوی
شیعیت نیوز : علامہ سید ساجد علی نقوی نے عالمی یوم اطفال کے عالمی دن کے موقع پر کہا کہ اسلام صرف ایک مذہب نہیں بلکہ ایک مکمل ضابطہ حیات ہے۔
جس نے انسانیت سے جڑے تمام پہلوؤں کے حوالے سے نہ صرف رہنمائی فرمائی بلکہ اس کی روحانی و معاشرتی تربیت کے ساتھ ساتھ ہر شعبہ زندگی کے لئے مکمل اور جامع نظام وضع کیا ہے۔
اسلام نے اطفال کی تربیت پر خصوصی احکامات جاری کئے ہیں تاکہ معاشرہ صحت مند بنیادوں پر قائم رہے۔
ایک طرف دنیا عالمی یوم اطفال منا رہی ہے تو دوسری طرف ہزاروں بچے صہیونی و سامراجی قوتوں نے تہہ تیغ کر دیئے۔
خواتین اور بزرگ شہریوں کے ساتھ کم سن بچوں کا قتل عام اور ان کی نسل کشی عالمی امن کیلئے لمحہ فکریہ ہے۔
غزہ و لبنان میں انسانی حقوق کی سنگین ترین خلاف ورزی کی جا رہی ہے۔
افسوس اقوام عالم ان مظلوم بچوں پر اسرائیلی مظالم کو روکنے میں ناکام دکھائی دیتی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : خواجہ آصف کی ایرانی نائب وزیر دفاع سے ملاقات، باہمی تعاون بڑھانے کا عزم
بچوں کو جبری مشقت اور ذہنی و جسمانی استحصال سے بچانے کیلئے مزید اور مؤثر اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔
بچے قوم کا مستقبل ہوتے ہیں جسے سنوارنے کیلئے ان کی بہتر تعلیم و تربیت ضروری ہے۔
ایک حدیث کے مطابق حضور اکرم ﷺ نے تاکید فرمائی کہ اپنے بچوں کی مختلف شعبہ حیات میں تربیت کریں۔
جن میں والدین کے ساتھ حسن سلوک، ادب و تہذیب، گھڑ سواری، تیراندازی، تیراکی کی تربیت کی تاکید فرمائی ہے۔
اس کے ساتھ ساتھ بچے کی 7 سال سے 20 سال تک کس انداز میں تربیت کی جائے یہ اصول بھی بتایا تاکہ بچہ معاشرے کا ایک بہترین فرد بنے۔







