ایرانی صدر: کوئی شیطانی طاقت ہماری سرزمین پر حملہ کرنے کی جرأت نہیں رکھتی
ایثار و فداکاری کی تاریخ کا ذکر، صیہونی دشمن کے خلاف اتحاد کی ضرورت

شیعیت نیوز: صدر ایران نے آج بانی انقلاب اسلامی امام خمینی (رہ) کے مزار کے سامنے ہفتہ دفاع مقدس کے آغاز کی مرکزی تقریب سے خطاب کیا۔ اپنے خطاب میں انہوں نے ایران کی مسلح افواج کی صلاحیتوں اور ملک کی دفاعی توانائیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہی دفاعی صلاحیت اور توانائی آج اس بات کا سبب بنی ہے کہ کوئی بھی شیطانی طاقت ایران کے خلاف جارحیت کرنے کی جرات نہیں کرتی اور ہم اپنی مسلح افواج کی قدر کرتے ہیں۔
ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے کہا کہ ایران پر مسلط کی گئی آٹھ سالہ جنگ کے دوران ایثار و فداکاری کے عظیم باب رقم ہوئے جن کے سبب بعثی دشمن ایران کی طرف سے مایوس ہو گیا۔ صدر ایران نے ملک کی مسلح افواج کے کردار کو راہ انقلاب اسلامی کے جاری رہنے میں بھی اہم اور مؤثر قرار دیا اور ملک کے سائنسدانوں، دانشوروں اور مجاہدوں کی جانفشانیوں اور محنت سے حاصل ہونے والی عزت و سربلندی کا ذکر کیا اور کہا کہ اس عزت و سربلندی نے ہمیں دفاعی میدان میں دوسروں کی احتیاج سے بے نیاز کر دیا ہے۔
انہوں نے ایک بار پھر امت اسلامیہ کے باہمی اتحاد و بھائی چارے کا ذکر کیا اور کہا کہ امت کے اتحاد کے ذریعے ہی ہم غاصب خونخوار اور جرائم پیشہ صیہونی دشمن کو لگام دے سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : سید حسن نصر اللہ کے نام ایرانی وزیر خارجہ کا تعزیتی پیغام
واضح رہے کہ اب سے چوالیس سال قبل آج اکتیس شہریور مطابق اکیس ستمبر کے دن عالمی سامراج نے عراق کی بعثی حکومت کی آڑ لے کر ایران کے خلاف جنگ و جارحیت کا آغاز کیا جس کا سلسلہ آٹھ برس تک جاری رہا اور ایرانی عوام نے اپنی مادر وطن کے دفاع کے لئے ایک لاکھ ستانوے ہزار سے زائد شہیدوں کا نذرانہ پیش کیا مگر اپنی ذرا برابر سرزمین کو دشمن کے قبضے میں نہ جانے دیا۔