لبنان میں دھماکے: 9 افراد شہید، 2800 سے زائد زخمی، 200 کی حالت نازک
"بیروت میں پیجر ڈیوائسز دھماکے، حزب اللہ اور ایرانی سفیر متاثر، اسرائیل پر حملوں کا الزام"
شیعیت نیوز: غاصب اسرائیل نے حزب اللہ کے کمیونی کیشن سسٹم کو ہیک کرلیا، جس کے باعث حزب اللہ کے زیر استعمال پیجر ڈیوائسز کی بیٹریاں پھٹ گئیں، جنوبی بیروت کے علاقے ضاحیه سمیت لبنان کے متعدد علاقوں میں دھماکے ہوئے۔ پیجر ڈیوائسز پھٹنے سے ایرانی سفیر اور عام شہریوں سمیت حزب اللہ کے سینکڑوں ارکان شہید و زخمی ہوگئے۔
اسرائیل نے لبنان میں حزب اللہ کے خلاف جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا ہے۔ حزب اللہ کے زیر استعمال پیجرز میں ایک ساتھ دھماکے کیے گئے جس میں حزب اللہ کے سینکڑوں ارکان شہید و زخمی ہوئے۔
لبنان کے وزیر صحت فراس الأبیض نے کہا ہے کہ ان دھماکوں میں اب تک ایک بچی سمیت 9 افراد شہید اور تقریبا 2 ہزار 800 افراد زخمی ہوئے، جن میں 200 زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔ زخمیوں کا لبنان کے تقریبا ایک سو ہسپتالوں میں علاج معالجہ جاری ہے۔
لبنان میں ایران کے سفیر ڈاکٹر مجتبی امانی بھی زخمیوں میں شامل ہیں۔ ان کی اہلیہ نرگس قدیانی نے کہا کہ ڈاکٹر امانی کو معمولی چوٹیں آئیں اور ان کی حالت بہتر ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ایرانی صدر کے ساتھ بات چیت کے لیے تیار ہیں، آئی اے ای اے سربراہ
اسرائیلی میڈیا کے مطابق اسرائیلی وزیر اعظم کے مشیر نے لبنان میں پیجر ڈیوائسز دھماکوں میں اسرائیل کے ملوث ہونے کا اشارہ دیا ہے۔
حزب اللہ نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ غاصب اسرائیل سے اس جارحیت کا بدلہ ضرور لیا جائے گا۔