اس سال کا اربعین اسٹریٹیجک اہمیت کا حامل تھا، سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری
سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے چہلم امام حسین علیہ السّلام کی مناسبت سے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ امام حسین علیہ السلام کا چہلم صدیوں سے دنیا بھر کے مسلمان مناتے اور اس میں شریک ہوتے آ رہے ہیں۔
شیعیت نیوز : چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے چہلم امام حسین علیہ السّلام کی مناسبت سے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ امام حسین علیہ السلام کا چہلم صدیوں سے دنیا بھر کے مسلمان مناتے اور اس میں شریک ہوتے آ رہے ہیں۔ ہر سال رسول پاک صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو ان کے نواسے کی مظلومانہ شہادت کا پرسہ دیتے ہیں۔ اس سال کا اربعین اسٹریٹیجک اہمیت کا حامل ہے، اس سال کا اربعین فتنوں کا خاتمہ، یزیدیوں، تکفیریوں اور عالمِ کفر کو مایوس و ناامید کر دے گا۔ تمام حسینی شیعہ سنی ہاتھوں میں ہاتھ دیے لبیک یا حسین ع کی صدا لگاتے گھروں سے باہر نکلیں اور اربعین امام حسین ع میں شریک ہوں۔ یہ اربعین عشقِ خدا، عشقِ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور عشقِ حسین علیہ السلام کا دن ہے۔
یہ بھی پڑھیں : علامہ راجہ ناصر عباس کی کربلائے معلی میں منعقدہ انٹرنیشنل کانفرنس میں شرکت
انہوں نے کہا کہ اگر ہم کربلا نہیں پہنچ سکے، تو امام حسین علیہ السلام کے چہلم میں ضرور حاضر ہوں گے۔ چہلم امام حسین علیہ السلام پاکستان کے عوام کے اتحاد کے عملی اظہار کا دن ہو گا۔ دشمن ہمیں توڑنا چاہتا ہے، ہم اس کو ناکام بنا دیں گے۔ اربعین بھائی چارے، محبت، شعور، بصیرت، آگہی کا دن کہلائے گا۔ ہم ثابت کریں گے کہ ہم ظلم، یزیدیت، فرعونیت اور نمرودیت کے مقابلے میں باہم متحد ہیں۔ دنیا بھر کے مظلوموں، بالخصوص فلسطین و غزہ کے مظلومین کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ظالم کے خلاف ڈٹے رہنا ہی ہمارا اپنے مولا و آقا اور امام حسین علیہ السلام کے ساتھ عہد بھی ہے اور یہ عہد ہم نبھا کے رہیں گے۔