ایران کو اپنا دفاع کرنے کا بھر پور حق حاصل ہے،ترجمان دفتر خارجہ
ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ اسرائیل نے غزہ میں 40 ہزار انسانوں کا قتل عام کیا، پاکستان غزہ میں جاری صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتا ہے۔

شیعیت نیوز:ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ امریکی سیاستدان اور دیگر اہلکاروں کو قتل کرنے کی سازش کے الزام میں مبینہ طور پر ایران سے تعلقات رکھنے والے گرفتار پاکستانی شہری آصف مرچنٹ کے حوالے سے اب تک کوئی پیش رفت نہیں ہوئی اور اس سلسلے میں امریکی حکومت کی جانب سے کوئی معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔
اسلام آباد میں ہفتہ وار میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفترخارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ بنگلہ دیش کے لوگوں میں اپنے مسائل حل کرنے کی صلاحیت موجود ہے، پاکستان مشرق وسطیٰ میں بننے والی صورتحال پر تشویش میں ہے۔
ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ اسرائیل نے غزہ میں 40 ہزار انسانوں کا قتل عام کیا، پاکستان غزہ میں جاری صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ایران جوابی کارروائی کا حق رکھتا ہے، پاکستانی وزیر دفاع
اسرائیل کو غزہ میں نسل کشی پر جوابدہ بنایا جانا چاہیئے، اسرائیل کی جانب سے نمازیوں پر حملہ قابل مزمت ہے، یہ جنیوا سمیت اقوام متحدہ کی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔
ممتاز زہرا بلوچ کا مزید کہنا تھا کہ غزہ میں اسرائیل کے انسانیت سوز مظالم جاری ہیں۔
اسرائیل کا اس طرح کی کارروائیوں پر احتساب کرنا چاہیئے، ایران کو اپنی دفاع کرنے کا بھر پور حق حاصل ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیر میں جنگی جرائم میں ملوث ہے، بھارت کشمیر میں انسانی نسل کشی میں ملوث ہے۔
مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب کشمیریوں کی شہادت کی مذمت کرتے ہیں، اقوام متحدہ کو مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لینا چاہیئے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان دو طرفہ تعلقات کے حوالے سے ساتویں ڈائیلاگ کا انعقاد اسلام آباد میں ہوا۔
ڈائیلاگ میں دو طرفہ تعلقات سمیت انفارمیشن ٹیکنالوجی، تجارت اور دیگر امور پر بات چیت ہوئی۔
ممتاز زہرا بلوچ نے مزید بتایا کہ امریکا میں گرفتار آصف مرچنٹ کے حوالے سے اب تک کوئی پیش رفت نہیں ہوئی، اس حوالے سے امریکی حکومت کی جانب سے کوئی معلومات فراہم نہیں کی گئیں، اس معاملے پر پاکستان امریکا کی جانب سے معلومات فراہم کرنے کا منتظر ہے۔