حزب اللہ نے اسرائیل کو دندان شکن جواب دے دیا
لبنان کی عوامی تحریک حزب اللہ نے شمالی مقبوضہ سرزمین پر وسیع پیمانے پر میزائل داغے ہیں۔

شیعیت نیوز : المیادین چینل کی رپورٹ کے مطابق، صیہونی میڈیا نے لبنان کی سرزمین سے میزائل حملے کے بعد صیہونی علاقوں المطلہ اور کفاریوفال میں خطرے کے سائرن بجنے کی خبر دی ہے۔
خبری ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ صیہونی فوج سے وابستہ المنارہ بیس پر بھی میزائل گرا ہے۔ اسی طرح لبنان سے وسیع پیمانے پر میزائل حملے میں مقبوضہ علاقے اصبع الجلیل کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔
بعض صیہونی ذرائع نے رپورٹ کیا کہ ایک میزائل، جو حزب اللہ کے داغے گئے میزائلوں کا مقابلہ کرنے کے لیے اسرائیل کی جانب سے داغا گیا تھا، المطلہ کے علاقے میں گرا جس سے ایک علاقے میں آگ لگ گئی۔
یہ صورت حال اس وقت سامنے آئی ہے جب جمعرات کو حزب اللہ لبنان نے اعلان کیا کہ اس نے الزاعورہ کے علاقے میں صیہونی فوج کے ٹھکانوں پر متعدد ڈرون حملے کیے جن سے صیہونی فوج کو جانی و مالی نقصان پہنچا۔
یہ بھی پڑھیں : صیہونی فوجی مراکز پر حزب اللہ کا راکٹوں سے حملہ
واضح رہے کہ فلسطینی مزاحمتی گروپوں کی طرف سے طوفان الاقصی آپریشن کے آغاز کے بعد حزب اللہ لبنان نے بھی غزہ میں مزاحمت پر دباؤ کم کرنے کے لیے فلسطینی سرزمین میں صیہونی حکومت کے اہداف پر روزانہ کی بنیاد پر بھاری کارروائیاں جاری رکھی ہیں۔
صیہونی میڈیا نے مقبوضہ فلسطین کے شمال میں صیہونی بستیوں اور خاص طور پر زرعی و اقتصادی شعبے میں جنگ کی بھاری قیمت ادا کرنے کا اعتراف کیا ہے