اہم ترین خبریںپاکستان کی اہم خبریں

اہل بیت سے محبت ایمان کا جزو ہے، علامہ رانا ادریس

شیعیت نیوز: نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن علامہ رانا محمد ادریس نے کہا ہے کہ حب رسول ﷺ کا تقاضا یہ ہے کہ جس سے نبی اکرم ﷺ نے محبت کی ہم بھی اس سے محبت کریں۔

اللہ رب العزت کا شکر ہے کہ جس نے ہمیں اپنے محبوب کا امتی بنایا۔

اہلبیت اطہار سے محبت اللہ اور اس کے رسول ﷺ سے محبت اور ایمان کا جزو ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع شیخ الاسلام ماڈل ٹاؤن لاہور میں جمعۃ المبارک کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

حضور نبی اکرم ﷺ کے بحر علم و معرفت سے جو جو علوم و معارف حضرت علی علیہ السلام کو نصیب ہوئے وہ انہی کی شان ہیں۔

حضور نبی اکرم ﷺ کا فرمان ہے کہ ”میں علم کا شہر ہوں اور علی اس کا دروازہ ہیں“۔

خاندان نبوت کی عظمت تسلیم کرنا اور ان کی تعظیم کرنا ہر مسلمان کا فرض ہے۔

حضور نبی اکرم ﷺ نے فرمایا ”فاطمہ تمام جہانوں کی عورتوں کی سردار ہیں“۔

انہوں نے کہاکہ حضور نبی اکرم ﷺ نے جہاں حضرت علی علیہ السلام اورا پنی نور نظر سیدہ فاطمۃ الزہرا سلام اللہ علیہا کے مرتبے کا ذکر کیا تو وہیں ان دونوں کی اولادوں حسنین کریمین کے درجات کی نوید بھی سنائی ہے۔

یہ وہ نفوس قدسیہ ہیں جن کیلئے امام الانبیا ﷺ اپنے سجدے طویل کر دیا کرتے تھے۔

حضور ﷺ کا فرمان ہے کہ حسن اور حسین تمام جنتی جوانوں کے سردار ہیں۔

اہل بیت کے نفوس قدسیہ ہمارے سروں کا تاج ہیں ہمیں ان کی محبت کو جزو ایمان سمجھنا چاہیے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button