اہم ترین خبریںمقبوضہ فلسطین

سلامتی کونسل نے غزہ میں فوری جنگ بندی کی قرارداد منظور کرلی

شیعیت نیوز: غزہ کی پٹی میں جنگ بندی کی قرارداد پر رائے شماری کے لیے سلامتی کونسل کا اجلاس آج ہوا جس میں قرارداد کو منظور کرلیا گیا۔

فوری جنگ بندی کی قرارداد سلامتی کونسل کے10 رکن ممالک نے پیش کی۔

قرارداد پیش کرنے والے ممالک میں الجزائر، جاپان، ایکواڈور ، سوئٹزرلینڈ، جنوبی کوریا، مالٹا اور دیگر ممالک شامل تھے۔

سلامتی کونسل کے 15 میں سے 14 ارکان نے قرارداد کی حمایت کی جب کہ امریکا نے غزہ میں جنگ بندی کی قرارداد پر ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔

قرارداد میں یرغمالیوں کی غیر مشروط رہائی اور غزہ میں بلا رکاوٹ امداد کی رسائی بھی شامل ہے۔ ووٹنگ سے چند منٹ پہلے امریکا نے قرارداد میں مستقل جنگ بندی کے الفاظ کو طویل جنگ بندی میں تبدیل کرا دیا۔

خیال رہے کہ اس سے قبل بھی اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں غزہ میں جنگ بندی کے حوالے سے 4 قراردادیں پیش کی گئیں تھیں تاہم ان میں سے کوئی بھی قرارداد منظور نہیں ہوسکی۔

یہ بھی پڑھیں:نیتن یاہو کابینہ اسرائیلی تاریخ کی بدترین کابینہ ہے، صہیونی رہنما

اقوام متحدہ کے سربراہ انتونیو گوتریس نے قرارداد کی منظوری پر ردعمل دیتے ہوئے فوری جنگ بندی اور یرغمالیوں کی فوری اور غیر مشروط رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ اس قرارداد کو فوری نافذ ہونا چاہیے، ایسا نہ ہوا تو یہ ناقابل معافی ہوگا۔

حماس کی جانب سے سلامتی کونسل میں غزہ میں جنگ بندی کی قرارداد منظور ہونے کا خیر مقدم کیا گیا ہے۔

حماس کا کہنا ہے کہ قرارداد دونوں طرف سے قیدیوں کے فوری تبادلے کے لیے تیار ہونے پر زور دیتی ہے۔

اسرائیل نے قرارداد ویٹو نہ کرنے پر اسرائیلی وفد کا دورہ امریکا منسوخ کر دیا۔

اسرائیلی وزیر اعظم کے دفتر کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکا کی جانب سے قرارداد ویٹو نہ کرنا ماضی کے مؤقف سے پیچھے ہٹنے کے مترادف ہے۔

غزہ میں 7 اکتوبر 2023 سے جاری اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں اب تک 32 ہزار سے زائد فلسطینی شہید جبکہ 74 ہزار سے زائد فلسطینی زخمی ہوچکے ہیں۔ شہدا میں 13 ہزار بچے بھی شامل ہیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button