پاکستان کی اہم خبریں

صدارتی انتخاب ملتوی کیا جائے ،محمود خان اچکزئی کا مطالبہ

شیعیت نیوز: صدارتی امیدوار محمود خان اچکزئی نے صدارتی انتخاب ملتوی کرنے کیلئے الیکشن کمیشن کو خط لکھ دیا۔

خط میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی متعدد مخصوص نشستیں ابھی خالی ہیں اس لئے الیکٹورل کالج مکمل ہونے تک الیکشن ملتوی کیا جائے۔

دوسری جانب میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدارتی امیدوار محمود خان اچکزئی نے کہا کہ یہ اسمبلی نہیں چل سکتی۔

پارلیمان کی کمیٹی بنائی جائے یہ اسمبلیاں مکمل نہیں اس لیے صدارتی الیکشن ملتوی کر کے پارلیمنٹ کی کمیٹی بنائی جائے۔

پارلیمنٹ کے سینئر ترین رکن رضا ربانی، مشاہد حسین سید جیسے لوگوں کی کمیٹی بنائی جائے، کمیٹی 7 دن کے اندر تمام مسائل کا حل نکال سکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:ایران پاکستان گیس پائپ لائن پر پیش رفت ہورہی ہے : ترجمان پاکستان وزارت خارجہ

درایں اثناء الیکشن کمیشن آف پاکستان نے صدارتی امیدوار محمود خان اچکزئی کی جانب سے صدارتی انتخاب ملتوی کرنے کے مطالبے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ صدارتی انتخاب مقررہ تاریخ یعنی 9 مارچ کو ہی ہوں گے۔

واضح رہے کہ انتخاب میں حکومتی اتحاد کی جانب سے سابق صدر آصف علی زرداری کو بطور امیدوار نامزد کیا گیا ہے۔

جبکہ محمود اچکزئی پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ سنی اتحاد کونسل کے اراکین کی جانب سے بطور امیدوار نامزد کئے گئے ہیں، دونوں کے کاغذات بھی منظور ہو چکے ہیں۔

یاد رہے کہ پاکستان کے اگلے صدر کے انتخاب کیلئے الیکشن کمیشن کے جاری کردہ شیڈول کے مطابق صدارتی انتخاب 9 مارچ بروز ہفتہ ہوگا۔

متعلقہ مضامین

Back to top button