مجلس وحدت مسلمین کے جمعہ کے اجتماعات میں حمایت فلسطین مظاہرے

شیعیت نیوز: مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی اپیل پر نماز جمعہ کے بعد ملک بھر کی مساجد کے باہر مظلوم فلسطینیوں کے حق میں آواز بلند کی گئی۔
علما و خطبا حضرات نے خطبات جمعہ میں مظلوم فلسطینیوں کی عظیم جدوجہد کو سلام پیش کیا جبکہ اسرائیل کی بربریت کو مسلمان ملکوں کی خاموشی اور مصلحت قرار دیا۔
صوبائی صدر مجلس وحدت مسلمین پنجاب علامہ علی اکبر کاظمی نے خطبہ جمعہ میں کہا ہے کہ اسرائیل کی حالیہ بربریت کے نتیجے میں اب تک 17 ہزار سے زائد نہتے مظلوم فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔
پچاس ہزار سے زیادہ زخمی اور بیشتر زندگی بھر کے لئے معذور ہو چکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:مجلس وحدت مسلمین کا اہم اجلاس،کوئٹہ میں بھی آزادی فلسطین مارچ کے انعقاد کا فیصلہ
مگر عالمی امن کے ٹھیکیدار ڈھٹائی اور بے شرمی کے ساتھ اسرائیل کو عسکری و مالی مدد فراہم کر رہے ہیں۔
علامہ علی اکبر کاظمی کا مزید کہنا تھا کہ مظلوم کے حق میں آواز بلند کرنا حسینیت ہے، پوری پاکستانی قوم مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔
ہم امن پسند ہیں مگر یزیدیت کیخلاف ہیں۔
تاریخ نے ہمیشہ ثابت کیا ہے کہ ظلم بڑھتا ہے تو مٹ جاتا ہے۔
اب اسرائیل بھی صفحہ ہستی سے مٹ جائے گا اور مظلوم فلسطینی جو حق پر ہیں وہی غالب آئیں گے۔