مقبوضہ فلسطین

جنسی تشدد کے تمام الزامات مسترد کرتے ہیں، حماس

حماس نے اپنے جاری بیان میں کہا ہے کہ ہم قابض صہیونیوں کی جانب سے جنسی تشدد کے تمام الزامات کو مسترد کرتے ہیں

شیعیت نیوز: حماس نے اپنی جاری پریس ریلیز میں کہا ہے کہ ہم قابض صہیونیوں کی جانب سے جنسی تشدد کے تمام الزامات کو مسترد کرتے ہیں۔

حماس نے اپنی پریس ریلیز میں کہا ہے کہ قابض اسرائیل کی جانب سے جنسی تشدد و زیادتی کے الزامات جھوٹے ہیں، اور ان کا مقصد اسلامی مقاومت کے چہرہ کو مسخ کرنا اور مقاومت کے قیدیوں کے ساتھ انسانی و اخلاقی سلوک پر پردہ ڈالنا ہے۔

فلسطینی مقاومت کا مزید کہنا تھا کہ یہ الزامات صہیونی پروپیگینڈہ کا حصہ ہیں۔ ان الزامات کا تعلق پچھلے تکذیب شدہ الزامات سے ہے، جن میں بچوں کے سر قلم کرنے، کانسرٹ کو نشانہ بنانے، اور الشفاء ہستال کو حماس کی جانب سے عسکری مقاصد کے استعمال کرنے جیسے بے بنیاد الزامات شامل ہیں، جنہیں متعدد تحقیقاتی اداروں کی جانب سے غلط ثابت کیا جا چکا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: غزہ کو صہیونیوں کا قبرستان بنادیں گے ،حماس

مغربی میڈیا کی مذمت کرتے ہوئے حماس کا کہنا تھا کہ مغربی میڈیا کے بعض بڑے اداروں کی جانب سے صہیونی الزامات کو بغیر تحقیق کیے نشر کرنا، ان میڈیا چینلز کی صہیونیت کے ساتھ ہم آہنگی ظاہر کرتا ہے، جس کی پر زور مذمت کی جاتی ہے۔ پریس ریلیز میں یہ بھی کہا گیا کہ صہیونی میڈیا کا مقصد فلسطینی مقاومت کو قبیح اور غیر انسانی بنا کر پیش کرنا ہے، جس میں بعض مغربی میڈیا کے ادارے ان کا مکمل ساتھ دے رہے ہیں۔

حماس کا کہنا ہے کہ باشرف اور غیور مقاومت پر ان بے بنیاد الزامات کا مقصد دشمن کی جانب سے اپنا مکروہ چہرہ اور مجاہدین کے ہاتھوں اپنی ذلت، رسوائی، اور ناکامی چھپانے کی ناکامیاب کوشش ہے۔ ساتھ ہی ساتھ، یہ الزامات فلسطینی مقاومت کی جانب سے اسرائیلی قیدیوں کے ساتھ کیے گئے انسانی و اخلاقی برتاؤ کی وجہ سے بدلتی ہوئی رائے عامہ کع دوبارہ اپنے حق میں کرنے کی کوشش ہے۔

پریس ریلیز کے آخر میں حماس کی جانب سے تمام میڈیا سے تعلق رکھنے والے اداروں اور ایجنسیوں سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ قابض صہیونیوں کے جھوٹ اور پروپیگینڈے کے جال میں نہ پھنسیں، اور ہر خبر کی تصدیق کریں۔ اختتام پر صحافیوں کو حق اور صداقت کی حفاظت کرنے کی زمہ داری کا احساس دلایا گیا، اور صحافت کے تقدس کو محفوظ رکھنے کی یاددہانی کی گئی۔

متعلقہ مضامین

Back to top button