فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکز فلسطین کا قیام، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے انڈر پاس فلسطینیوں سے منسوب کرنے کا اعلان کردیا
سیاسی و مذہبی قائدین نے دستخطی مہم میں حصہ لیا اور بعد ازاں عوام میں فلسطینی جھنڈے بھی تقسیم کئے۔

شیعیت نیوز: فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان نے کراچی میں نمائش بس اسٹاپ کے مقام پر پانچ روزہ مرکز فلسطین کیمپ قائم کردیا ہے۔ فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر صابر ابو مریم نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ مرکز فلسطین کیمپ کا مقصد شہریوں کو مسئلہ فلسطین سے متعلق تازہ ترین خبروں سے آگہی دینا اور غزہ پر حالیہ امریکی و اسرائیلی جارحیت کے خلاف صدائے احتجاج بلند کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پانچ روزہ مرکز فلسطین کیمپ پر محفل مشاعرہ، ٹی وی ٹاک شو، تھیٹر اور فنانی سے متعلق مختلف سرگرمیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ مرکز فلسطین کیمپ پر زیادہ سے زیادہ شرکت کو یقینی بنائیں۔ مرکز فلسطین کیمپ کی افتتاحی تقریب بدھ کی شب کو ہوئی جس میں پاکستان کی تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کے قائدین نے شرکت کی جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب صدیقی بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے۔
فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے زیر اہتمام کراچی میں نمائش بس اسٹاپ پر قائم کردہ مرکز فلسطین کیمپ کی افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی بلدیہ نے فیصلہ کیا ہے کہ گلستان جوہر میں تعمیر کئے گئے انڈر پاس اور سڑک کو فلسطین کے نام سے منسوب کیا جائے گا۔ میئر کراچی مرتضی وہاب کا کہنا تھا کہ فلسطین میں انسانیت کا قتل ہورہا ہے، ہم غزہ میں اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بحثیت میئر کراچی فلسطینی عوام کو پیغام دیتا ہوں ہم آپ کے ساتھ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ او آئی سی اور مسلم امہ مسئلہ کے حل کیلئے اپنا کردار ادا کرے، اسرائیلی جارحیت کے خلاف دنیا بھر کو آواز اٹھانا چاہیئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گلستان جوہر انڈر بائی پاس کو فلسطینی مظلوم عوام کے نام سے منسوب کیا جائے گا، کے ایم سی کے آئندہ اجلاس میں فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی اور اسرائیل کے خلاف مذمتی قرارداد پیش کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: صیہونی حکومت حماس کو ختم کرنے کے دعویٰ سے پیچھے ہٹ گئی ،سید عزیز کا کہا درست ثابت ہوا
افتتاحی تقریب میں جماعت اسلامی کے ڈاکٹر معراج الہدی، محمد حسین محنتی، متحدہ قومی موومنٹ کے محفوظ یار خان، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے علامہ باقرزیدی، علامہ مختارامامی، علی حسین نقوی،عوامی نیشنل پارٹی کے یونس بونیری، پاکستان تحریک انصاف کے اسرار عباسی، جمعیت علماء پاکستان کے علامہ عقیل انجم قادری،پاکستان مسلم لیگ ن کے پیر اظہر علی ہمدانی، پاکستان عوامی تحریک کے رہنما ثاقب نوشاہی،معروف مذہبی اسکالر مفتی شہریار داؤد، علامہ صادق رضا تقوی، پیر معاذ علی نظامی، جمیعت اہل حدیث سے مفتی مرتضیٰ رحمانی، پاکستان سکھ یوتھ کونسل کے چیئرمین مگن سنگھ، سماجی رہنما آغا شیرازی، عابدہ آغا، ابراہیم بسمل، عباس کشمیری سمیت دیگر نے شرکت کی اور افتتاحی تقریب سے خطاب کیا۔ سیاسی و مذہبی قائدین نے دستخطی مہم میں حصہ لیا اور بعد ازاں عوام میں فلسطینی جھنڈے بھی تقسیم کئے۔