حوثی مجاہدین نے یمنی فضائی حدود میں امریکی ڈرون مار گرایا، امریکہ کی تصدیق
شیعیت نیوز: عرب مسلم ملک یمن کے حوثی مجاہدین نے یمنی سمندری حدود کے اوپر پرواز کرنے والے امریکی ڈرون کو مارگرایا، امریکا نے ڈرون تباہ کیے جانے کی تصدیق کر دی۔
اپنے بیان میں انصار اللہ کا کہنا تھا کہ ہمارے ائیر ڈیفنس نے یمن کی سمندری حدود میں اسرائیل کی مدد کیلئے پرواز کرنے والے امریکی ڈرون کو تباہ کردیا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ امریکہ کی اس طرح کی سرگرمیاں ہمیں اسرائیل کی فلسطین میں جاری جارحیت کے خلاف کارروائیوں سے نہیں روک سکتی۔
دوسری طرف امریکی حکام نے تصدیق کردی ہے کہ امریکی ایم کیو 9 ڈرون کو یمن کے قریب بین الاقوامی فضائی حدود میں نشانہ بنایا گیا ہے تاہم امریکہ کی جانب سے حملے کے ذمہ داروں کا نام ظاہر نہیں کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں : غرب اردن میں مقاومتی گروہ عرین الاسود کی جانب سے صہیونیوں کے خلاف کارروائی شروع
دوسری جانب انصاراللہ کے ترجمان نے امریکی ڈرون طیارہ تباہ کرنے کا دعوی کرتے ہوئے کہا کہ جب تک صہیونی مظالم ختم نہ ہوجائیں، اسرائیلی تنصیبات پر حملے جاری رہیں گے۔
رپورٹ کے مطابق یمنی تنظیم انصاراللہ کے ترجمان محمد عبدالسلام نے کہا ہے کہ یمن غزہ کے مظلوم عوام کی حمایت جاری رکھے گا۔
انہوں نے یمنی فضائی دفاعی سسٹم کے ذریعے امریکی ڈرون طیارے کو تباہ کرنے کا دعوی کرتے ہوئے کہا کہ یمنی پانیوں میں امریکی ڈرون طیارے کو تباہ کرکے ہم نے ثابت کردیا ہے کہ ہماری سرحدوں پر کسی قسم کی جارحیت اور مداخلت قبول نہیں کی جائے گی۔
یاد رہے کہ یمنی فوج نے چند گھنٹوں پہلے امریکی ڈرون طیارہ ایم کیو 9 کو تباہ کردیا تھا جوکہ جاسوسی کے لئے یمنی حدود میں داخل ہوگیا تھا۔
محمد عبدالسلام نے مزید کہا کہ ہماری فوج نے امریکی ڈرون کو سرنگون کرکے اپنی آمادگی کا ثبوت دیا ہے۔ غزہ کے عوام کے لئے ہماری حمایت کا سلسلہ جاری رہے گا۔
خیال رہے کہ 7 اکتوبر سے فلسطین میں جاری اسرائیلی جارحیت کے بعد متعدد بار یمن کے حوثی مجاہدین کی جانب سے اسرائیل پر میزائل حملے کرنے کا دعویٰ بھی کیا جاتا رہا ہے







