عبداللہیان کی بریکس کے رکن ممالک سے غزہ کی صورتحال کو فوری ایجنڈے پر رکھنے کی اپیل

شیعیت نیوز: ایران کے وزیر خارجہ نے بریکس کے 5 رکن ممالک کے وزرائے خارجہ کے نام الگ الگ خطوط میں صیہونی حکومت کے جرائم پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے رکن ممالک سے فعال، تعمیری اور ذمہ دارانہ اقدامات کی اپیل کی ہے۔
حسین امیرعبداللہیان نے بریکس کے 5 رکن ممالک کے وزرائے خارجہ کے نام خط میں کہا ہے کہ فلسطین کے اصل باشندوں کی زمینوں پر قبضے، بڑے پیمانے پر قتل عام، لوگوں کے گھروں اور کھیتوں کی تباہی، طبی مراکز پر حملے، مردوں اور عورتوں اور یہاں تک کہ بچوں کی گرفتاری اور تشدد، تذلیل اور فلسطینی قوم کے وقار کی توہین قابض صیہونی حکومت کی طرف سے فلسطین کے مظلوم عوام کے خلاف کیے جانے والے جرائم اور غیر قانونی اقدامات کا صرف ایک حصہ ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : ایرانی صدر کی اہلیہ کا فرانسیسی صدر کی اہلیہ کے نام خط، غزہ میں ہونے والے جرائم کی مذمت
مغرب کے مقابلے میں اہم اتحادوں اور تنظیموں جیسے کہ شنگھائی تعاون تنظیم، یوریشین یونین، سیکا، آسیان کے ساتھ بریکس گروپ کے کردار کی اہمیت کو بیان کرتے ہوئے، انہوں نے اپیل کی کہ یہ تنظیمیں غزہ کی سنگین صورت حال کو فوری ایجنڈے پر رکھ کر مناسب اقدامات کریں تاکہ تسلط پسندوں کے خلاف مظلوموں کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جاسکے۔
دوسری جانب ایران کی مسلح افواج کے وزیر دفاع نے امریکہ کو خبردار کیا ہے کہ وہ فوری طور پر جنگ بند کرے بصورت دیگر شدید دھچکا کھانے کو تیار ہوجائے۔
رپورٹ کے مطابق ایران کی مسلح افواج کے ڈیفینس منسٹر بریگیڈیئر محمد رضا قرائی اشتیانی نے کہا ہے کہ امریکیوں کو ہماری نصیحت ہے کہ وہ فوری طور پر جنگ بند کریں، ورنہ شدید دھچکا کھانے کو تیار ہوجائیں۔