ایران

غزہ پر اسرائیلی بمباری بند نہ ہوئی تو خطے کی اقوام کا غم و غصہ بارود کی طرح پھٹ بڑے گا

شیعیت نیوز: ایران کے نائب وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ نسل پرست صیہونی حکومت کی غزہ پر بمباری جاری رہی تو خطے کی اقوام کا غم وغصہ بارود کے ڈھیر کی طرح کسی بھی وقت بھڑک اٹھے گا۔

یہ بات انہوں نے منگل کو تہران میں غیر ملکی سفیروں کے ساتھ مشترکہ ملاقات کے موقع پر اپنے خطاب میں کہی۔

ایران کے نائب وزیر خارجہ علی باقری نے فلسطین کی مظلوم عوام کی حمایت کے بارے میں تہران کے اصولی مؤقف کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ آج جو کچھ غزہ میں ہورہا ہے وہ عالمی اور علاقائی امن کو سبوتاژ کرنے کے علاوہ جارحیت اور نسل کشی کی کھلی مثال ہے۔

انہوں نے یہ بات زور دے کر کہی کہ فلسطین کا مسئلہ فلسطینی صیہونی مسئلہ یا عرب صیہونی مسئلہ یا مسلم صیہونی مسئلہ نہیں بلکہ یہ انسانیت اور پوری عالمی برادری کا مسئلہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں : روس نے غزہ کے اسپتال پر اسرائیلی بمباری کو ’جرم اور غیر انسانی فعل‘ قرار دے دیا

ایران کے نائب وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ صیہونیوں کو جان لینا چاہیے کہ خطے کے مسلمان اور خطے کی اقوام اس طرح کے کھلے ظلم کو برداشت نہیں کریں گے۔

انہوں نے مظلوم اور بے بس فلسطینی عوام کے قتل عام میں صیہونی حکومت کے جنون آمیز اقدامات کا سلسلہ فوری طور پر بند کرائے جانے کی ضرورت پر زور دیا۔

دوسری جانب حسین امیر عبداللہیان او آئی سی کے اجلاس میں شرکت کے لئے جدہ روانہ ہوگئے۔

رپورٹ کے مطابق وزیر خارجہ امیر عبداللہیان اسلامی ممالک کی تنظیم او آئی سی کے ہنگامی اجلاس میں شرکت کے لئے سعودی عرب کے شہر جدہ روانہ ہوگئے ہیں۔

یاد رہے کہ کچھ عرصہ پہلے او آئی سی ہیڈکوارٹر جدہ میں ایرانی وفد نے سرکاری خط کے ذریعے تنظیم کے ہنگامی اجلاس کی میزبانی کی پیشکش کی تھی۔

متعلقہ مضامین

Back to top button