عراق کی قومی سلامتی کے مشیر کا سکیورٹی معاہدے پر عمل درآمد کے لیے تہران کا دورہ

شیعیت نیوز: عراق کی قومی سلامتی کے مشیر نے اتوار کے روز ایک وفد کی سربراہی میں تہران کا دورہ کیا تاکہ ایران اور عراق کے درمیان سیکورٹی معاہدے پر عمل درآمد کا جائزہ لیا جا سکے۔
علی اکبراحمدیان نے اپنے عراقی ہم منصب سے ملاقات میں دونوں ملکوں کے سیکورٹی معاہدہ پر مکمل عمل درآمد کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
ارنا کے مطابق عراق کی قومی سلامتی کے مشیر نے جو تہران کے دورے پر ہیں، کل صبح اپنے ایرانی ہم منصب علی اکبر احمدیان سے ملاقات کی جس میں دونوں ملکوں کے باہمی مسائل اور سیکورٹی کا جائزہ لیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں : صیہونی سیکورٹی تحقیقاتی ادارے کو یمنی انصار اللہ کی فوجی طاقت پر تشویش
ایران کے قومی سلامتی کے مشیر علی اکبراحمدیان نے اس ملاقات میں اربعین حسینی کے کامیاب اور پرشکوہ انعقاد اور اس موقع پر عراقی عوام کی مہماں نوازی کی قدردانی کی اور کہا کہ اربعین حسینی اپنی معنوی برکات اور سیاسی اور ثقافتی پہلوؤں کے ساتھ ہی عراق اور ایران دونوں ملکوں کے عوام کی قربت کا اہم ترین عامل ہے۔
انھوں نے تہران بغداد سیکورٹی معاہدے پر مکمل عمل درآمد کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے اس معاہدے کو دونوں ملکوں کی سرحدوں پر بدامنی پیدا کرنے والے عوامل کے خاتمے کا مکمل نقشہ راہ اور سرحدی سیکورٹی کا ضامن قرار دیا۔
علی اکبراحمدیان نے اپنے عراقی ہم منصب سے اس ملاقات میں مختلف شعبوں بالخصوص اقتصادی شعبے میں دونوں ملکوں کے معاہدوں کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ سبھی شعبوں میں دونوں ملکوں کے باہمی روابط میں فروغ کی کافی گنجائش موجود ہے۔
عراق کے قومی سلامتی کے مشیر قاسم الاعرجی نے بھی اس ملاقات میں دونوں ملکوں کے سیکورٹی معاہدے کی اہمیت اور اس پر مکمل عمل درآمد کے لئے عراقی حکومت اور اس کے سیکورٹی اداروں کے عزم جزم پر زور دیا ۔
انھوں نے اسی کے ساتھ کہا کہ بغداد تہران کے ساتھ اپنے روابط میں توسیع اور استحکام کے لئے ہر موقع سے استفادہ کرے۔