پاکستان

پاراچنار میں خواتین کیساتھ پیش آنیوالے واقعات پر ہرگز خاموش نہیں رہ سکتے، ساجد طوری

 شیعت نیوز:سابق وفاقی وزیر ساجد حسین طوری نے کہا ہے کہ پاراچنار میں خواتین کے ساتھ پیش آنے والے واقعات پر ہرگز خاموش نہیں رہ سکتے، یہ اقدام اسلامی اقدار اور پختون روایات کے سراسر خلاف ہے اور پختون روایات کیمطابق ان کے خلاف سخت ترین سزائیں مقرر ہیں۔

 پاراچنار کی خواتین پاراچنار کا فخر ہیں، خواتین کے ساتھ اس قسم کا برتاؤ ہرگز منظور نہیں، جلد ہی سہولت کار، آلہ کار اور جو کوئی بھی اس میں ملوث ہے اس کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

سابق وفاقی وزیر ساجد حسین طوری کا کہنا ہے کہ حالیہ حادثات کے بارے میں ایک تشویش پائی جاتی ہے، ہماری محترم بہنیں، مائیں ہم سب کیلئے قابل احترام ہیں، اسلام نے بھی خواتین کے حقوق کے سلسلے میں تاکید کی ہے اور ساتھ ہی حجاب اور پردہ داری کا بھی درس دیا ہے،

انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں پوری دنیا میں ایک غلط تاثر جاتا ہے، جس کی وجہ سے ہمارے قومی امیج کو شدید نقصان پہنچنے کے ساتھ ساتھ ہماری وہ تمام خواتین جوکہ محکمہ تعلیم، محکمہ صحت و دیگر شعبہ جات زندگی سے وابستہ ہیں ان کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ان تمام ملوث عناصر کے خلاف بھرپور کاروائی کرکے انہیں بےنقاب کریں تاکہ آئندہ کوئی بھی ایسے اقدام کی جرات نہ کرسکے۔ ساجد حسین طوری نے قوم سے بھی مطالبہ کیا کہ ایسے عناصر کے خلاف نوٹس لیں تاکہ مزید کوئی ایسا واقعہ پیش نہ آئے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button