اہم ترین خبریںپاکستان

قائد اعظم کے نصب العین پر عمل پیرا ہو کر ہی ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے، علامہ راجہ ناصر

شیعیت نیوز: چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ قائد اعظم نے اپنی ساری زندگی برصغیر کے مسلمانوں کے حقوق کی خاطر صرف کر دی، آپ ایک دیانتدار اور بے باک رہنما تھے۔

ابہوں نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح کی انتھک سیاسی جدو جہد ملکی سیاستدانوں کے لیے ایک مثال ہے، کہ کن مشکل ترین حالات میں انہوں نے پاکستان کی نوزائیدہ ریاست کو سہارا دیا۔

علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ آج کے دن ہمیں بحیثیت قوم اس عزم کا اعادہ کرنا چاہیے کہ پاکستان کو مثالی فلاحی ریاست بنائیں گے اور قائد کے بتائے ہوئے سنہری اصولوں اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط پر عمل پیرا ہو کر حصول پاکستان کے مقاصد کو پورا کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں : اتحادی جماعتوں کی موجودہ صوبائی حکومت کی بساط لپیٹنے کی کوششوں میں ہے، کاظم میثم

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے بانی اور ہر دل عزیز رہنما قائد اعظم محمد علی جناح کی ولولہ انگیز قیادت میں برصغیر کے کروڑوں مسلمانوں کی کوششوں سے غلامی کی زنجیریں ٹوٹیں اور پاکستان معرض وجود میں آیا تھا، جس میں تمام غیر مسلموں کو بھی برابر کے حقوق حاصل تھے۔

علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ قائد آعظم جرأت و بہادری اور عزم و استقلال جیسی ہمہ جہت خوبیوں کے حامل تھے، قائد اعظم ساری زندگی جمہوری اصولوں کی سر بلندی اور قانون کی حکمرانی کے نصب العین پر کار بند رہے۔

آج بابائے قوم کو خراج عقیدت پیش کرنے کا سب سے بہترین طریقہ یہی ہے کہ ہم قائد اعظم کے حقیقی اور خود دار پاکستان کے حصول کیلئے اپنی عملی جدو جہد کو دن رات جاری رکھیں اور ملکی تعمیر و ترقی کے لیے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں گے۔ انشاء اللہ

متعلقہ مضامین

Back to top button