پاراچنار، اربعین حسینی کے مرکزی جلوس کو مزید منظم بنانے کیلئے انجمن حسینیہ کا اجلاس

شیعیت نیوز: پاراچنار میں اربعین حسینی کے مرکزی ماتمی جلوس کو مزید منظم بنانے کے لئے انجمن حسینیہ کے دفتر میں اراکین انجمن حسینیہ اور مرکزی عزاداری کونسل کا ایک مشترکہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں صدر پاسدار ملک اخلاق حسین اور فیڈریشن صدر کربلائی عمران حسین بھی شریک تھے۔
شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جلوس کو منظم بنانے کے لیے تمام تر اقدامات کئے جائیں گے۔ بعد ازاں ڈپٹی سیکرٹری انجمن حسینیہ مولانا منیر حسین نے عزاداری کونسل کے نو منتخب عہدیداران سے حلف لیا۔
یہ بھی پڑھیں : شامی فوج کا تحریر الشام دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر حملہ
دوسری جانب سول سوسائٹی کرم نے پاراچنار شہر میں بدترین مہنگائی اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اور مقامی انتظامیہ سے اس حوالے سے بھرپور ایکشن لینے کا مطالبہ کیا۔
پریس کلب پاراچنار کے سامنے احتجاج کرتے ہوئے سول سوسائٹی کرم کے رہنماوٴں مہدی حسین بنگش، کاشف حسین، نزیر احمد، حاجی سید نجات حسین، شفیق مطہری، محمود طوری، سید صداقت حسین میاں، مولانا مزمل حسین، ملک زرتاج حسین اور دیگر نے کہا کہ ایک طرف ملکی سطح پر مہنگائی نے غریب عوام کی کمر توڑ کے رکھ دی ہے۔ تو دوسری جانب مقامی سطح پر خود ساختہ مہنگائی اور ذخیرہ اندوزی نے غریب طبقے کے ساتھ سفید پوش طبقے کو بھی شدید طور پر متاثر کیا ہے۔
رہنماوں نے کہا کہ ملک میں افراتفری کا ماحول ہے گرم ہے، قانون نام کی کوئی چیز نظر نہیں آتی، غریب دو وقت کی روٹی کیلئے ترس رہے ہیں جبکہ حکمراں اپنی عیاشیوں میں مگن ہیں۔
رہنماوں نے ملکی حالات باالخصوص گلگت بلتستان کے حالات پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ ایک سوچھے سمجھے منصوبے کے تحت ملکی حالات خراب کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے ذمہ دار حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ گلگت بلتستان میں حالات کی نزاکت کو مدنظر رکھتے ہوئے سنجیدہ اقدامات اٹھائیں۔