نئی ایرانی جوہری دوا سیزیم-137 کی نقاب کشائی

شیعیت نیوز: ایرانی جوہری توانائی تنظیم کی جانب سے نئی ایرانی جوہری دوا سیزیم-137 (Cesium-137 Radionuclide) کی نقاب کشائی کر دی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایرانی جوہری توانائی تنظیم کے سربراہ اور نائب ایرانی صدر محمد اسلامی نے تہران میں واقع انٹرنیشنل ایگزیبیشن سینٹر میں جاری بین الاقوامی نمائش ’’روایت خدمت‘‘ میں آج اس نئی ایرانی جوہری دوا کی نقاب کشائی کی۔
اس موقع پر محمد اسلامی کا کہنا تھا کہ آج ہم نے ایک ایسی قومی کامیابی سے پردہ اٹھایا ہے کہ جو ایرانی جوہری توانائی تنظیم کی خود اعتمادی اور اپنی صلاحیتوں پر مکمل یقین کا نتیجہ ہے جسے ہم نے آج منظر عام پر لا کر عزیز ایرانی قوم سمیت پوری دنیا کے سامنے پیش کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : امریکی تسلط کا خاتمہ ہی لبنان کی نجات کا واحد راستہ ہے، سید ہاشم صفی الدین
انہوں نے کہا کہ جوہری دوا سیزیم-137 کہ جس کی آج نقاب کشائی کی گئی ہے گزشتہ 6 ماہ کی محنت اور مسلسل تحقیق کا نتیجہ ہے جس میں بنیادی سوچ و تحقیق سے لے کر مطلوبہ نتیجے کے حصول تک کے تمام مراحل شامل ہیں جبکہ اس حوالے سے باہمی کوآرڈینیشن، پرمٹ کا حصول، مختلف ترتیبات، مطلوبہ صلاحیتوں کا حصول وغیرہ سمیت تمام مراحل نہ صرف بےمثال خود اعتمادی بلکہ ایک نوجوان و با حوصلہ ٹیم جو آخر کار اس مقصد کو حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی، کے دم سے طے کئے گئے۔
واضح رہے کہ نئی ایرانی جوہری دوا سیزیم-137 کی نقاب کشائی کی تقریب میں نیوکلیئر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے سربراہ سید میر حسین فقہی کے ساتھ ساتھ ایرانی ایٹمی توانائی تنظیم کے نائب سربراہ، اٹامک انرجی آرگنائزیشن کے منییجرز کے ایک اعلی سطحی گروپ اور ایرانی جوہری توانائی تنظیم کی عوامی سفارت کاری و مرکز اطلاعات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل سید قاسم بےنیاز نے بھی شرکت کی۔