پاکستان کی اہم خبریں

دہشت گردوں اور سہولت کاروں کو ہتھیار ڈالنے تک نہیں چھوڑیں گے، آرمی چیف جنرل عاصم منیر

شیعیت نیوز: آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا دہشت گردوں اور سہولت کاروں کو ہتھیار ڈالنے تک نہیں چھوڑیں گے۔

پاک فوج کے محکمہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے جنوبی وزیرستان کے علاقہ اسمان منزا کا دورہ کیا، کور کمانڈر پشاور نے آرمی چیف کا علاقہ میں پہنچنے پر استقبال کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے افسروں اور جوانوں سے ملاقات کی، آرمی چیف کو سکیورٹی کی صورت حال اور انسداد دہشت گردی آپریشنز پر تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔

آرمی چیف نے کہا شہدا ہمارا فخر ہیں، شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ آرمی چیف نے افسروں اور جوانوں کے دہشت گردی کے خلاف غیر متزلزل عزم کو سراہا۔

یہ بھی پڑھیں : نام نہاد متنازعہ بل کی آڑ میں صدر انجمن امامیہ بلتستان کے خلاف ایف آئی آر کی پرزور مذمت

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا دہشت گردوں، سہولت کاروں اور پاکستان کے خلاف کام کرنے والوں کو کسی صورت نہیں چھوڑا جائے گا۔ پاکستان میں امن و استحکام کے لئے دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق گزشتہ روز اسمان منزا کے علاقہ میں 6 جوان شہید ہوئے تھے۔

دوسری جانب جنوبی وزیرستان کے علاقہ عام میں سکیورٹی فورسز کے ساتھ فائرنگ کے تبادلہ میں ایک دہشت گرد مارا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق گزشتہ شب ہونے والے فائرنگ کے تبادلے میں سکیورٹی فورسز نے مؤثر طریقے سے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا اور اس دوران فائرنگ کے نتیجے میں ایک دہشت گرد ہلاک ہوگیا، جس کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق دہشت گرد علاقے میں دہشت گردی کی مختلف کارروائیوں میں ملوث تھا۔ واقعے کے بعد علاقے میں پائے جانے والے دیگر دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جا رہی ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button