سعودی عرب میں ایرانی سفارت خانے کا دوبارہ باضابطہ افتتاح

شیعیت نیوز: باضابطہ افتتاح کی تقریب میں سعودی عرب اور ایران کے دفاتر خارجہ کے نمائندے اور متعدد ملکوں کے سفرا موجود تھے۔
سکائی نیوز عربین نے خبر دی ہے کہ ایران اور سعودی عرب کے درمیان چین کی ثالثی میں تعلقات کی بحالی پر اتفاق ہونے کے تین مہینے بعد ریاض میں ایرانی سفارت خانے کا باقاعدہ افتتاح ہوگیا ہے۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے ریاض میں سفارتی مقامات کو دوبارہ کھولنے کے بارے میں توضیح دی۔
ترجمان ناصر کنعانی نے کہا تھا کہ ریاض میں ایرانی سفارت خانہ، جدہ میں قونصل خانہ اور او آئی سی کے لئے باقاعدہ نمائندے کی تعییناتی کا عمل منگل اور بدھ کو مکمل ہوگا۔
یاد رہے کہ ایران نے اعلی سفارت کار علی رضا عنایتی کو سعودی عرب میں سفیر بنانے کا اعلان کیا تھا۔ رواں ماہ میں ایرانی اعلی سفارتی وفد نے سفارتی مشن کے افتتاح کے سلسلے میں ریاض کا دورہ کیا تھا۔ اس سے پہلے سعودی عرب کا ایک وفد بھی اسی لئے سلسلے میں تہران کا دورہ کرچکا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ایران کا جوہری معاہدہ بحال ہونے سے نیتن یاہو کے عزائم خاک میں مل جائیں گے، لاییر لاپیڈ
دوسری جانب گزشتہ روز اقوام متحدہ کے ترجمان اسٹیفن ڈوجیرک نے سعودی عرب میں ایرانی سفارت خانہ دوبارہ کُھلنے کو خطے کے لئے مفید قرار دیا۔
اسٹیفن ڈوجیرک نے ان خیالات کا اظہار ایک پریس کانفرنس میں کیا۔ ان سے پوچھا گیا کہ کیا سعودی عرب میں ایرانی سفارت خانے کا دوبارہ افتتاح خطے کے لئے مثبت قدم ہے؟۔
جس کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ ایسے ممالک جو خلیج فارس میں بہت زیادہ اثر و رسوخ رکھتے ہوں، اُن کے درمیان تعمیری بات چیت علاقے کے لئے بہت سود مند ہے۔
واضح رہے کہ تین ماہ قبل تہران و ریاض سفارتی معاہدے کی بحالی کے بعد ایران نے سعودی عرب میں سات سال بعد اپنا سفارت خانہ دوبارہ کھول لیا ہے۔