مقبوضہ فلسطین

نابلس: قصبے حوارہ میں فلسطینی نے گاڑی اسرائیلی فوجیوں پر چڑھا دی، دو اہلکار زخمی

شیعیت نیوز: فلسطین کے دریائے اردن کے مغربی کنارے کے شمالی شہر نابلس کے جنوب میں واقع قصبے حوارہ میں پیر کی شام کو گاڑی کی ٹکر سے دو اسرائیلی فوجی زخمی ہوگئے۔

فلسطینی ذرائع ابلاغ نے خبر دی ہے کہ قابض صہیونی سیکورٹی فورسز کے مظالم کے جواب میں فلسطینی جوان نے گاڑی کے ذریعے غاصب افواج پر حملہ کردیا۔ گاڑی چڑھانے کی وجہ سے صہیونی فوج کا ایک سپاہی زخمی ہوگیا۔ واقعے کے بعد حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

عبرانی چینل 12 کے مطابق دو فوجیوں میں سے ایک کو اس کے نچلے حصے میں زخم آئے ہیں اور اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی ہے۔ دوسرے کی کمر کے حصے میں زخم آئے ہیں۔

قابض فوج نے اعلان کیا کہ وہ اس واقعے کے پس منظر کی چھان بین کر رہی ہے، اور علاقے میں زعترہ اور قصبے حوارہ چوکیوں کو بند کر دیا۔

یہ بھی پڑھیں : اسرائیلی دہشت گردی میں شہید بچہ محمد ہیثم التمیمی سپرد خاک

دوسری طرف درجنوں صہیونیوں نے اسرائیلی فوج کی مدد سے مغربی کنارے کے شہر نابلوس اور دیگر علاقوں پر حملہ کردیا ہے۔

مغربی کنارے شمالی حصے میں آباد کاری کے مسئول غسان دغلس نے کہا ہے کہ حملہ آور صہیونیوں کو اسرائیلی سیکورٹی فورسز کا تعاون حاصل تھا۔ حملے میں فلسطینیوں کے زخمی ہونے کے ساتھ ساتھ متعدد گھروں کو نقصان پہنچا ہے۔

دراین اثناء فلسطینی ہلال احمر نے کہا ہے کہ صہیونی سیکورٹی فورسز کے حملوں میں 58 فلسطینی زخمی ہوگئے ہیں۔ غاصب صہیونی افواج نے نہتے فلسطینیوں پر ربڑ کی گولیاں اور آنسو گیس کے گولے فائر کئے۔

یاد رہے کہ صہیونی آبادکار سیکورٹی فورسز کی مدد سے آئے روز فلسطینیوں پر حملے کرتے ہیں۔ صہیونیوں کی آباد کاری کی مخالف تنظیم کے مطابق اس وقت ساڑھے چار لاکھ صہیونی آباد کار مغربی کنارے اور بیت المقدس کے نواحی علاقوں میں غیرقانونی زندگی گزار رہے ہیں۔ یہودی نشین کالونیوں کی آباد کاری بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button