ایران

کیپ ٹاؤن میں امیر عبداللہیان اور بن فرحان آل سعود کے درمیان ملاقات

شیعیت نیوز: ایران کے وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان اور سعودی عرب کے وزیر خارجہ فیصل بن فرحان آل سعود نے جمعہ کی شام جنوبی افریقہ کے شہر کیپ ٹاؤن میں ایک دوسرے سے ملاقات اور گفتگو کی۔

تہران اور ریاض کے درمیان سات سال بعد سیاسی اور سفارتی تعلقات کی بحالی کے معاہدے کے بعد دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کی یہ دوسری باضابطہ ملاقات ہے۔

تفصیلات کے مطابق اب ایران اور سعودی عرب اپنے سفارت خانوں اور قونصل خانوں کے دوبارہ کھولنے کے لیے انتظامی اور تکنیکی کام کے مرحلے میں ہیں اور توقع ہے کہ آنے والے ہفتوں میں سفارت خانے باضابطہ طور پر اپنی سرگرمیاں شروع کریں گے۔

امیر عبداللہیان اور بن فرحان آل سعود کے درمیان پہلی ملاقات اپریل میں بیجنگ کی میزبانی میں ہوئی ۔

یہ بھی پڑھیں : سعودی وزیر خارجہ شاہ سلمان کا اہم پیغام لے کر تہران کا دورہ کریں گے

سعودی عرب کے وزیر خارجہ بن فرحان آل سعود نے ایرانی ہم منصب سے ملاقات کے بعد کہا ہے کہ امیر عبداللہیان کی دعوت پر جلد تہران کا دورہ کروں گا۔

رپورٹ کے مطابق ایران اور سعودی عرب کے وزرائے خارجہ نے برکس کے اجلاس کے دوران ملاقات کی اور باہمی امور تبادلہ خیال کیا۔

عبداللہیان نے سعودی عرب کی جانب سے ایرانی حجاج کی بہترین میزبانی پر شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ گذشتہ ادوار میں آپس کے تعلقات میں بہتری پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔ سعودی وزیر خارجہ کا دورہ تہران اس حوالے سے مزید فائدہ مند ثابت ہوگا۔

امیر عبداللہیان نے برکس کو دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی بہتری کیلئے بہترین پلیٹ فارم قرار دیا۔

اس موقع پر سعودی وزیر خارجہ بن فرحان آل سعود نے کہا کہ دونوں ملکوں کے تعلقات کی بہتری خوش آئند ہے۔

انہوں نے سعودی سفارتی مشنز کی بحالی کے سلسلے میں ایرانی حکام کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ دونوں ممالک نے تعلقات کی بحالی کے سلسلے میں اہم اقدامات کئے ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان اچھے تعلقات دونوں ممالک اور پورے خطے کے مفاد میں ہیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button