ہم سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینے میں دلچسپی رکھتے ہیں، شیاع السوڈانی
شیعیت نیوز: سعودی عرب کے وزیر ٹرانسپورٹ صالح الجسر نے عراق کے وزیراعظم محمد شیاع السوڈانی سے ملاقات کی۔ یہ ملاقات عراق کے ہمسایہ ممالک کے وزرائے ٹرانسپورٹ اور خلیج فارس تعاون تنظیم کے اجلاس کے تناظر میں انجام پائی۔
اس ملاقات میں محمد شیاع السوڈانی نے سعودی وزیر ٹرانسپورٹ سے کہا کہ بغداد، ریاض کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کے لئے دلچسپی رکھتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ علاقائی ممالک کو اقتصاد، سرمایہ کاری اور صنعت کے شعبوں میں زیادہ ہم آہنگی کی ضرورت ہے۔
انہوں نے عراق و سعودی عرب کی رابطہ کونسل کے اقدامات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک تعمیری اقدامات اٹھا رہے ہیں۔
واضح رہے کہ عراق و سعودی عرب کی رابطہ کونسل کا پانچواں اجلاس 25 مئی 2023ء کو جدہ میں منعقد ہوا۔
یہ بھی پڑھیں : سعودی عرب نے شام میں باضابطہ طور پر دوبارہ سفارت خانہ کھول دیا
جدہ میں ہونے والے اس اجلاس میں ریاض اور بغداد کے درمیان اقتصادی، تجارتی و سرمایہ کاری کے شعبوں میں وسعت و مضبوطی کے لئے متعدد معاہدے اور مفاہمتوں پر اتفاق کیا گیا۔ یہ اقتصادی فورم، سعودی چیمبر آف کامرس کی نگرانی میں منعقد ہوا جس میں 300 سے زائد کمپنیوں نے شرکت کی۔
اس اجلاس میں عراق کے نائب وزیراعظم و وزیر منصوبہ بندی محمد تمیم، سعودی عرب کے وزیر تجارت ماجد بن عبداللہ القصبی اور متعدد حکومتی وزراء، سرکاری و نجی شعبوں کے نمائندوں اور دونوں ممالک کے تاجروں نے شرکت کی۔
عراق-سعودی عرب رابطہ کونسل کے اجلاس میں بغداد اور ریاض کے درمیان سرمایہ کاری کے مواقع، عرعر بارڈر کو فعال کرنے پر توجہ مرکوز کی گئی۔ اس کے علاوہ دونوں ممالک کے درمیان باہمی برآمدات اور تجارت میں اضافے پر بھی مشاورت کی گئی۔
عرب ویب نیوز نے اس پیش رفت پر لکھا کہ عراقی و سعودی سرمایہ کاروں نے دونوں ممالک میں سرمایہ کار کمپنی کے آغاز کو تیز کرنے کا مطالبہ کیا تا کہ تین ملین ڈالر کے منصوبوں کو مالی اعانت فراہم کی جائے اور سعودی مالیاتی فنڈز سے قرض لے کر عراقی کمپنیوں کو بااختیار بنایا جائے۔
نیز دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور مشترکہ سرمایہ کاری میں وسعت سمیت ابتدائی تعاون کے منصوبے کو بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔