اہم ترین خبریںپاکستان

امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کا 51 واں یوم تاسیس یوم تجدید عہد کے عنوان سے منایا گیا

علامہ صادق تقوی نے کہا کہ رہبر انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ سید علی خامنہ ای کے مطابق طالبعلم میں سیاسی فہم و شعور ہونا چاہیئے

شیعیت نیوز: امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کا 51واں یوم تاسیس یوم تجدید عہد کے عنوان سے منایا گیا۔ کراچی میں مرکزی تقریب کا انعقاد کیتھولک لان سولجر بازار میں کیا گیا، تقریب میں آئی ایس او سے تعلق رکھنے والے طلباء، سابقین امامیہ، علماء اکرم و ملی شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب سے علامہ سید صادق رضا تقوی اور علامہ نقی ہاشمی نے خطاب کیا، جبکہ دستہ امامیہ کراچی ڈویژن کے صاحب بیاض وسیم الحسن عابدی اور جری سجاد نے ترانہ شہادت پیش کئے۔ یوم تاسیس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علامہ صادق تقوی نے کہا کہ ہمیں بارگاہ رب العزت میں انتہائی شکرگزار ہونا چاہیئے کہ جس نے اس دور پُرفتن میں ہمیں شجر طیبہ آئی ایس او سے متمسک قرار دیا اور ہم اس کی تربیت گاہ سے منسلک رہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایس او نے انقلاب اسلامی ایران کے پیغام کو پاکستان کے گوش و کنار میں پہنچایا، 1972ء سے انقلاب اسلامی کی کامیابی کے بعد اور آج تک بہت سے انقلابی اصولوں کو اپناتے ہوئے انہیں نافذ العمل بنایا۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایس او اپنے نصب العین کے تحت ماضی کی طرح اس پُرآشوب دور میں بھی پاکستان کی نوجوان نسل کو انقلاب ظہور امام مہدیؑ تک پہنچانے کے ہدف کیلئے کامیابی کے ساتھ سرگرم عمل ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سانحہ تری منگل میں شیعہ اساتذہ کے بہیمانہ قتل عام کے خلاف اہم مشترکہ اجلاس

علامہ صادق تقوی نے کہا کہ رہبر انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ سید علی خامنہ ای کے مطابق طالبعلم میں سیاسی فہم و شعور ہونا چاہیئے، زمانے کے حالات و تقاضوں کے مطابق روش آنی چاہئے کہ کس طرح معاشرتی، اجتماعی و سیاسی مسائل کا تجزیہ کیا جائے، ایک الٰہی و نظریاتی تنظیم کی حیثیت سے آئی ایس او کے نوجوانوں کی تربیت میں ان نکات کا شامل ہونا ضروری ہے، رہبر معظم کی اس اجتماعی و سیاسی نگاہ کو نوجوانوں تک پہنچنا چاہیئے، یہ ہماری نوجوان نسل کی فکری غذا بننی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ انقلاب اسلامی بہت تیزی سے انقلاب امام مہدیؑ کی جانب بڑھتے ہوئے اپنے مراحل کو طے اور محاذوں کو فتح کر رہا ہے، آئی ایس او رہبر انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ خامنہ ای کی فکر و نگاہ کے مطابق نوجوان طلباء و طالبات کی سیاسی فہم و شعور کی تربیت کرے، آئی ایس او کا طرہ امتیار رہا ہے کہ اس نے ان محاذوں اور پہاڑوں پر کامیابی کے پرچم لہرائے، جہاں دوسروں کی نگاہیں بھی نہیں جاتی تھیں، اس سلسلے کو انقلاب امام مہدیؑ تک جاری و ساری رکھنا ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: جیکب آباد، 6 پولیس اہلکاروں کے قتل میں ملوث گینگ کا سرغنہ ہلاک

علامہ نقی ہاشمی نے کہا کہ آئی ایس او کو شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی جیسا انتہائی پاکیزہ لہو ملا ہے، جو کسی اور آرگنائزیشن کو نہیں ملا، لہٰذا آئی ایس او کے جوانوں کو اس پاکیزہ لہو کا امین رہتے ہوئے ہمیشہ راہ خدا میں جرأت کے ساتھ زندگی گزارنی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ جوانوں کو شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی کے آثار کا مطالعہ کرنا چاہیئے اور ساتھ ساتھ نصف صدی سے زائد عرصہ میں آئی ایس او نے جن مراحل کو کامیابی کے ساتھ طے کیا ہے، ان کا مطالعہ بھی کرنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایس او ہی پاکستان میں خط رہبر معظم پر گامزن و باقی ہے، آئی ایس او کی کامیابی ولایت، نظریہ ولایت اور ولایت فقیہ سے تمسک میں ہے۔ یوم تاسیس کی تقریب کے آخر میں بہترین کارکردگی دکھانے والے یونٹس کو شیلڈز پیش کی گئیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button