لبنان

شام کو عرب لیگ میں دوبارہ اپنا کردار ادا کرنا چاہئے، عبدالله بو حبیب

شیعیت نیوز: لبنان کے وزیر خارجہ عبدالله بو حبیب نے کہا ہے کہ لبنان اُن اولین ممالک میں سے ہے جنہوں نے عرب لیگ میں شام کی رکنیت کی معطلی کی مخالفت اور اس کی واپسی کی حمایت کی۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار کویت کے ایک اخبار سے گفتگو میں کیا۔

عبدالله بو حبیب نے کہا کہ عرب لیگ شام کے بغیر مکمل نہیں کیونکہ شام اس تنظیم کا بنیادی رکن ہے اور اسے اس انجمن میں اپنا سابقہ کردار ادا کرنا چاہئے۔

انہوں نے شام کی اس لیگ میں واپسی کے حوالے سے منعقدہ اجلاس میں لبنان کی عدم شرکت کے جواب میں کہا کہ یہ مسئلہ ہماری دانست سے بالا تر ہے، یہ اجلاس دمشق کی واپسی کے لئے ہے اور بنیادی طور پر ہمیں شام کی رکنیت کی بحالی سے کوئی مسئلہ نہیں۔

یہ بھی پڑھیں : عرب لیگ میں واپسی شامی حکومت کی بڑی فتح ہے، مصطفیٰ بکری

انہوں نے کہا کہ بیروت، شامی پناہ گزینوں کی واپسی اور نشہ آور گولیوں سے نمٹنے کے بارے میں فکر مند ہے۔

لبنان کے وزیر خارجہ نے کہا کہ شامی حکام نے مجھے مطلع کیا ہے کہ وہ پناہ گزینوں کو واپس جانے پر مجبور نہیں کر سکتے۔ جب تک اقوام متحدہ کا ہائی کمیشن برائے مہاجرین شام میں مدد کی بجائے لبنان میں ان کا جرمانہ ادا نہ کرے۔

واضح رہے کہ بیروت کی جانب سے دمشق کی عرب لیگ میں واپسی کی حمایت ایسے موقع پر سامنے آئی ہے جب حال ہی میں اردن کے وزیر خارجہ ایمن الصفدی نے بیان دیا کہ شام کی عرب لیگ میں جلد واپسی ممکن ہے۔

ایمن الصفدی نے کہا تھا کہ تمام عرب ممالک شام کے بحران کو حل کرنے پر متفق ہیں، جب کہ مختلف آراء اس واپسی کے خلاف بھی ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق، عرب لیگ کے اکثریتی اراکان نے اس علاقائی تنظیم میں شام کی واپسی کی حمایت کی ہے۔ قاہرہ میں ہونے والے اجلاس میں اس معاملے کا حتمی فیصلہ بھی ہو جائے گا۔

متعلقہ مضامین

Back to top button