ایرانی صدر سید ابراہیم رئیسی نے ایران ایکسپو 2023 کا افتتاح کیا
شیعیت نیوز: صدر سید ابراہیم رئیسی نے ایران ایکسپو ، برآمداتی پیداوار کی نمائش کے موقع پر اعلان کیا کہ دنیا کے مختلف ممالک میں مزید تجارتی دفاتر کا افتتاح ہوگا اور ٹریڈ اتاشیوں کی تعداد کو بھی بڑھایا جا رہا ہے۔
صدر مملکت سید ابراہیم رئیسی نے ایران کی برآمدات کی گنجائشوں اور صلاحیتوں کے پانچویں ایکسپو کے دوران بتایا کہ گذشتہ دو سال کے دوران ایران کی برآمدات کی مالیت پچاس ارب ڈالر تک پہنچ چکی ہے جو کہ گذشتہ چالیس سال میں حاصل ہونے والا ایک نیا ریکارڈ ہے۔
انہوں نے ایران ایکسپو کی نمائش کو ایران اور دنیا بھر کے ممالک کے مابین تجارتی اور اقتصادی تعلقات میں فروغ کا باعث قرار دیا اور کہا کہ دنیا کے مختلف ممالک میں ہمارے تجارتی دفاتر تاجروں اور سرمایہ کاروں کو ایران کی صنعتی، تجارتی اور اقتصادی گنجائشوں اور صلاحیتوں سے آگاہ کر رہے ہیں تاہم ان دفاتر اور تجارتی اتاشیوں کی تعداد کو بڑھانے کی بھرپور کوشش کی جا رہی ہے۔
صدر رئیسی نے کہا کہ ایرانی مصنوعات نے ہمسایہ اور دنیا کے دیگر ممالک میں اپنے معیار کی بنا پر قدم جمالیا ہے اور رقیبوں کے لئے چیلنج بن گیا ہے جس سے ان پیداوار کے معیار کی عکاسی ہوتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : امریکہ قیدیوں کے تبادلے میں رکاوٹیں ڈال رہا ہے، عبدالقادر مرتضی
انہوں نے کہا کہ گذشتہ دو سال کے دوران، طبی وسائل اور ادویات کے شعبوں میں بھی انتہائی مفید اقدامات انجام دیئے جا چکے ہیں جس کے نتیجے میں آج نہ صرف ملی ضرورت کی پچانوے فیصد دوائیں ملک کے اندر تیار ہو رہی ہیں بلکہ بڑے پیمانے پر میڈیکل مصنوعات، برآمد بھی ہو رہی ہیں ۔
صدر مملکت نے اس بات کی بھی نشاندہی کی کہ ایران ایکسپو کے پانچویں دور میں علاقائی اور غیرعلاقائی ممالک کے ہزار سے زیادہ تاجر، سرمایہ کار اور اعلی عہدے دار اس نمائش میں شرکت کرکے ایران کی برآمداتی صلاحیتوں کا قریب سے مشاہدہ کریں گے ۔
صدر سید ابراہیم رئیسی نے اس موقع پر اسٹیل، پیٹروکیمیکل انڈسٹری اور کان کے شعبوں میں بھی ایرانی ماہرین کے کارنامے کو نمایاں قرار دیا اور کہا کہ غیرملکی تاجروں اور اقتصادی میدان میں سرگرم افراد کو ملک کے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارکس کی سرگرمیوں اور ان مراکز میں تیار شدہ معیاری مصنوعات سے آشنا کرایا جا سکتا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ آج تہران کی بین الاقوامی نمائشوں کے مرکز میں ایران ایکسپو دو ہزار تیئس نمائش کے پانچویں دور کا آغاز ہوگیا ہے جو کہ تین روز تک جاری رہے گی ۔ ایران کی برآمداتی پیداوار اور صلاحیتوں کی نمائش میں ساڑھے سات سو سے زیادہ ایرانی کمپنیوں نے صنعتی، طبی، الیکٹرانک، گھریلو سامان اور پیٹروکیمیکل مصنوعات سمیت مختلف نوعیت کی اپنی پیداوار کو بارہ مختلف شعبوں پیش کیا ہے۔ ساٹھ مختلف ممالک کے نمائندے بھی اس نمائش میں موجود ہیں جن میں متحدہ عرب امارات، پاکستان، روس، ترکی اور چین کا نام دیکھا جا سکتا ہے۔
ایران کی تجارتی فروغ کے ادارے کے سربراہ نے بتایا ہے کہ اس نمائش کے دوران اور فورا بعد کم سے کم دو ارب ڈالر پر مشتمل ایرانی مصنوعات کی برآمدات کی دستاویزات پر دستخط ہوں گے۔