مشرق وسطی

حقیقت پسندانہ اور لچک دار سعودی پالیسی عرب ممالک اور خطے کے مفاد میں ہے، بشار اسد

شیعیت نیوز: سعودی عرب کی حقیقت پسندانہ اور لچک دار پالیسی عرب ممالک اور خطے کے مفاد میں ہے، یہ بات شام کے صدر بشار اسد نے سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان سے ملاقات میں کہی۔

دمشق میں آئی آر آئی بی نیوز کے نمائندے کے مطابق گزشتہ روز شام کے صدر نے دارالحکومت کے قصر الشعب میں سعودی وزیر خارجہ سے ملاقات کی۔

یہ بھی پڑھیں : فلسطین کی صورت حال پر محمد بن سلمان اور محمود عباس کی ملاقات

فریقین نے اس ملاقات میں دمشق اور ریاض کے مابین مشترکہ تعاون کے مختلف پہلوؤں، باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی اور عالمی مسائل پر تبادلۂ خیال کیا۔

شام کے صدر نے اس ملاقات میں بین الاقوامی سطح پر رونما ہونے والی لچک دار پالیسی اور تبدیلیوں کے تناظر میں عرب ممالک کے مابین تعاون اور موجودہ صورت حال کو اپنے مفادات کے حصول کے لئے استعمال کرنے پر زور دیا۔

سعودی وزیر خارجہ نے بھی اس ملاقات میں کہا کہ ریاض اس بات پر یقین رکھتا ہے کہ شام کی حکومت اور عوام اپنے مستحکم عزم و ارادے کے ساتھ جنگ کے تلخ نتائج کو عبور کر جائیں گے اور ملک میں پائیدار ترقی کو عملی جامہ پہنائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں : دشمن ایرانی قوم کو پولرائز کرنے کی کوشش کر رہا ہے، آیت اللہ سید علی خامنہ ای

فیصل بن فرحان نے یہ بھی کہا کہ سعودی عرب شام کی ارضی سالمیت کے تحفظ اور ملک میں امن و استحکام کے قیام کی حمایت کرتا ہے تاکہ تارکین وطن کی ملک واپسی کو ممکن بنایا جا سکے۔

سعودی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ اگلے مرحلے میں عرب ممالک کے ساتھ شام کے تعلقات کو بحال کرنے کی ضرورت ہے۔

خیال رہے کہ دو ہزار گیارہ میں شام میں دہشت گردی کا بحران شروع ہونے کے بعد یہ سعودی وزیر خارجہ کا پہلا دورۂ دمشق ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button