دشمن مسجد اقصیٰ میں نمازیوں کی تعداد دیکھ کر بوکھلا گیا، شیخ عکرمہ صبری

شیعیت نیوز: مقبوضہ بیت المقدس میں سپریم اسلامک کمیشن کے سربراہ شیخ عکرمہ صبری نے کہا ہے کہ مسجد اقصیٰ میں رمضان المبارک کے پہلے جمعہ کے موقعے پربڑی تعداد میں نمازیوں کو دیکھ کر دشمن آگ بگولاہوگیا اور بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔
شیخ عکرمہ صبری نے کہا کہ مسجد الاقصیٰ کے محاصرے اور سخت پابندیوں کے باوجود لاکھوں مسلمانوں نے اس کی پاکیزہ کشادہ جگہ میں نماز جمعہ ادا کرنے کے لیے سفرکیا۔ یہ ایک ایسا منظر تھا جس نے دشمنوں کو مشتعل کردیا جب کہ مسلمانوں کے دلوں کو گرمایا۔”
خیال رہے کہ فلسطینی شہریوں نے اسرائیلی ریاست کی طرف سے مسجد اقصیٰ میں عبادت پر عائد تمام پابندیوں اور رکاوٹوں کو روندتے ہوئےکل جمعہ اور شام کو عشا اور تراویح کی نمازوں میں لاکھوں کی تعداد میں نمازیوں نے شرکت کی۔
بیت المقدس میں اردن کے زیرانتظام اوقاف و مذہبی امور کے مطابق جمعہ کی شام اسرائیلی پابندیوں کو روندتے ہوئے ایک لاکھ سے زیادہ فلسطینیوں نے مسجد اقصیٰ میں جمعہ کی نماز ادا کی۔ اسرائیلی فوج اور پولیس کی طرف سے اس موقعے پر جگہ جگہ رکاوٹیں کھڑی کی گئی تھیں اور فلسطینیوں کو قبلہ اول تک رسائی سے روکا جا رہا تھا۔
یہ بھی پڑھیں : سعودی ٹی وی نے ایک بار پھر بائیڈن کا مذاق اڑایا
بعد ازاں اسرائیلی فوج اور پولیس کی ریاستی دہشت گردی کے باوجود ہزاروں فلسطینیوں نے قبلہ اول میں عشاء اور تراویح کی نماز ادا کی۔
اسرائیلی فوج نے نمازیوں کو مسجد اقصیٰ سے نکالنے کے لیے طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا جس کے نتیجے میں دسیوں فلسطینی زخمی ہو گئے۔
دوسری جانب جمعہ کی شام ہزاروں فلسطینیوں نے رمضان المبارک کے بابرکت مہینے کی دوسری رات کو مسجد اقصیٰ کے صحنوں میں عشاء اور تراویح کی نماز روحانی اور ایمانی ماحول میں ادا کی۔
اسرائیلی قابض حکام کی طرف سے مسجد کے اطراف میں لگائی گئی پابندیوں کے باوجود نمازیوں نے نماز تراویح ادا کی۔
عرب اور بین الاقوامی حلقوں کو خدشہ ہے کہ رمضان کے مہینے میں قابض دشمن کی اشتعال انگیزی اور مسجد اقصیٰ میں آباد کاروں کی دراندازی سے یروشلم شہر کی صورت حال مزید بگڑ سکتی ہے اور باقی فلسطینی علاقوں تک پھیل سکتی ہے۔ اس سے پچھلے سال جیسے حالات پیدا ہوسکتے ہیں۔