ایرانی وزیر خارجہ کی فرانس میں پرامن مظاہرین کے خلاف کریک ڈاؤن کی شدید مذمت

شیعیت نیوز: ایرانی وزیر خارجہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ایرانی وزارت خارجہ پرامن مظاہرین کے خلاف فرانسیسی پولیس کے تشدد کی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر فرانس میں جاری پرامن احتجاجی مظاہرے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ہم پرامن مظاہرین کی آواز حق کو دبانے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔
امیر عبداللہیان نے مزید کہا کہ ہم فرانسیسی حکومت سے بھرپور مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ انسانی حقوق کا احترام کرتے ہوئے پرامن احتجاجی مظاہرے کے ذریعے اپنے حقوق کا مطالبہ کرنے والے لوگوں کے خلاف طاقت استعمال کرنے سے گریز کرے۔
یاد رہے فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون کی پنشن اصلاحات کے خلاف ملک گیر احتجاج میں دس لاکھ سے زائد افراد کی شرکت کے بعد فرانسیسی سکیورٹی فورسز نے سینکڑوں مظاہرین کو گرفتار کر لیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پائلٹوں کی بغاوت، نیتن یاہو کا دورہ لندن تاخیر کا شکار
دوسری جانب ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے یہ بیان کرتے ہوئے کہ فرانسیسی حکومت کو اپنی عوام کی آواز سننی چاہیئے، کہا کہ فرانس میں مظاہرہ کرنے والے، فرانسیسی خواتین کی حمایت میں یورپی خواتین وزراء کے ردعمل کے منتظر ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے ٹوئیٹر پر لکھا ہے کہ فرانسیسی حکومت کو اپنی عوام سے گفتگو کرنی چاہیئے اور ان کی آواز سننی چاہیئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس قسم کے تشدد کا اخلاق کی کرسی پر بیٹھ کر دوسروں کو حقوق بشر جیسے مسائل کی طرف متوجہ کرنے سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ فرانسیسی، احتجاج کرنے والی خواتین کی حمایت میں یورپی، آسٹریلوی اور کینیڈین خواتین وزراء کے ردعمل کے منتظر ہیں۔
واضح رہے کہ احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ 9 دن سے جاری ہے تاہم ان احتجاجی ریلیوں کی وجہ سے ٹرین اور ہوائی سفر بری طرح سے متاثر ہوا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، جمعرات کو 300 شہروں میں جاری ملک گیر مظاہروں میں ڈیڑھ سے 3.5 ملین تک لوگ شریک تھے۔