خلیج فارس تعاون کونسل کے بیان کا ایرانی دفتر خارجہ کی جانب سے خیرمقدم

شیعیت نیوز: ایران کے دفتر خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے ایران اور سعودی عرب کے درمیان مذاکرات کے نتائج کے بارے میں خلیج فارس تعاون کونسل کے بیان کا خیر مقدم کیا ہے۔
خلیج فارس تعاون کونسل نے ایک بیان میں ایران کے ساتھ خلیج فارس تعاون کونسل کے رکن ملکوں کے پرامن طریقے سے مذاکرات کے ذریعے اختلافات حل کئے جانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ بیجنگ میں ایران اور سعودی عرب کے مذاکرات میں دونوں ملکوں نے سات برس کے بعد اپنے سفارتی تعلقات بحال کئے جانے سے اتفاق کیا ہے۔
ایران اور سعودی عرب کے درمیان سفارتی تعلقات کی بحالی پر صیہونی حکومت اور اس سے وابستہ حلقوں نے منفی ردعمل اور تشویش کا اظہار کیا ہے ۔ جبکہ عالمی سطح پر تہران ریاض سمجھوتے کا خیر مقدم کیا گیا ۔ بالخصوص مغربی ایشیا کے سبھی ملکوں نے ایران اور سعودی عرب کے تعلقات کی بحالی پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : یمنی مسلح افواج کی بڑی جنگی مشقوں کا آغاز
ایران کے دفتر خارجہ کے ترجمان نے امید ظاہر کی کہ ایران اور سعودی عرب کے درمیان طے پانے والا سمجھوتہ علاقے کی ترقی اور علاقائی امن و استحکام کی تقویت کا باعث بنے گا۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے اسی طرح بحران یمن اور اس سلسلے میں ایران کا نام جوڑے جانے کو مسترد کیا اور بحران یمن کے خاتمے کے لئے سیاسی راہ حل کو آگے بڑھانے کے لئے حقیقت پسندی کا مظاہرہ کئے جانے پر زور دیا۔
دوسری جانب ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی نے اسلامی ملکوں کے سربراہوں کے نام اپنے علیحدہ علیحدہ پیغامات میں ماہ مبارک رمضان کی آمد کی مناسبت سے مبارک باد پیش کی ہے۔
ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی نے مختلف مسلم ملکوں منجملہ پاکستان، عراق، ترکیہ، سعودی عرب، تاجیکستان، ازبکستان، شام، عمان، متحدہ عرب امارات، کویت، قطر، قزاقستان اور قرقیزستان کے سربراہوں کے نام اپنے علیحدہ علیحدہ پیغامات میں ماہ مبارک رمضان کی آمد کی مناسبت سے مبارک باد پیش کی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ دنیا کے اکثر مسلم ملکوں میں جمعرات کو ماہ مبارک رمضان کی پہلی تاریخ ہے۔