ایران

تہران نے ایرانی ہتھیاروں سے لدی کشتی کو قبضے میں لینے کے دعوے کو مسترد کر دیا

شیعیت نیوز: ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے عمان کے ساحل سے ایرانی ہتھیاروں کی اسمگلنگ کرنے والی ایک کشتی کو قبضے میں لینے کے بارے میں مغربی ممالک کے دعووں کو ’’جھوٹا الزام‘‘ قرار دیا۔

رپورٹ کے مطابق، ایران نے مغربی ملکوں کے ان دعووں کا مسترد کردیا ہے جن میں کہا گیا تھا کہ عمان کے ساحل سے ایک کشتی کو قبضے میں لیا گیا ہے جو ایرانی اسلحہ اسمگل کرنے کی کوشش کر رہی تھی۔

در ایں اثنا ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے مذکورہ مغربی دعووں کو’’جھوٹا الزام‘‘ قرار دیا۔

انہوں نے جمعے کے روز کہا کہ وہ ممالک جنہوں نے جارح اتحاد کو اربوں ڈالر کے ہتھیار بھیج کر یمن کی تباہی اور ہلاکتوں کے اسباب فراہم کیے، دوسروں پر الزامات لگا کر اپنے آپ کو بری نہیں کر سکتے۔

یہ بھی پڑھیں : تاحال اپنی کم ازکم توانائیاں دشمن کو دکھائی ہیں تاکہ وہ یاد رکھیں، ڈپٹی کمانڈر فدوی

کنعانی نے مزید کہا کہ وہ ممالک جو پوری تاریخ میں جنگ کو ہوا دینے کے اصل مرتکب رہے ہیں اور دنیا کے اہم علاقوں میں ہتھیاروں کے سب سے بڑے برآمد کنندگان ہیں، وہ جھوٹے دعوے اور جھوٹی خبروں کو فروغ دے کر عالمی رائے عامہ کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ان ممالک کے لیے بہتر ہے کہ وہ یمن کے بے دفاع اور مظلوم عوام کے خلاف اس ظالمانہ مسلط کردہ جنگ میں اپنی موقع پرستی اور منافع خوری کو ختم کریں۔

قبل ازیں جمعرات کو برطانیہ کے حکام نے دعویٰ کیا تھا کہ ایک برطانوی جنگی بحری جہاز نے گزشتہ ہفتے امریکی افواج کے ساتھ مشترکہ کارروائی میں عمان کے ساحل کے قریب ایرانی ہتھیاروں بشمول ٹینک شکن میزائلوں کی اسمگلنگ کرنے والی ایک کشتی کو روک کر اپنے قبضے میں لیا تھا۔

متعلقہ مضامین

Back to top button