اہم ترین خبریںمقبوضہ فلسطین

غزہ میں دو مزاحمتی مقامات پر اسرائیلی طیاروں کی بمباری

شیعیت نیوز: جمعرات کی صبح، قابض اسرائیلی جنگی طیاروں نے غزہ شہر کے مغرب اور پٹی کے مرکز میں دو مزاحمتی مقامات پر بمباری کی۔

تفصیلات کے مطابق صیہونی جنگی طیاروں نے غزہ شہر کے مغرب میں ایک مزاحمتی مقام پر ایک میزائل سے بمباری کی۔

اور وسطی غزہ کی پٹی میں قابض جنگی طیاروں نے البریج پناہ گزین کیمپ کے داخلی راستے کے قریب مزاحمتی مقام پر 4 میزائلوں سے حملہ کیا، دونوں مقامات سے دھواں اٹھتا ہوا دیکھا گیا، جب کہ گولہ باری سے متعدد مکانات کو نقصان پہنچا۔

اُدھر غزہ نے بھی نابلس میں ہوئے فلسطینیوں کے قتل عام کے جواب میں اپنی سرحدوں کے قریب صیہونی بستیوں پر راکٹ بارانی کی جس کے بعد صیہونی علاقوں میں خطرے کے سائرن کی صدائیں گونجنے لگیں۔

یہ بھی پڑھیں : پی ٹی آئی کی جیل بھروتحریک،مجلس وحدت مسلمین بھی میدان میں اتر آئی

دوسری جانب جہاد اسلامی تنظیم کے سربراہ زیاد النخالہ نے بھی گزشتہ روز نابلس میں انجام پائے صیہونی اقدامات کو ایک بڑے مجرمانہ اقدام سے تعبیر کیا اور خبر دار کیا کہ اس کا جواب صیہونیوں کو ضرور دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ صیہونیوں کے اس مجرمانہ اقدام کے بعد ہم پر مزاحمتی تنظیم ہونے کے ناتے یہ ضروری ہو جاتا ہے کہ ہم اس کا بہر صورت جواب دیں۔

دریں اثنا مقبوضہ بیت المقدس میں صہیونی ریاست کی مرکزی عدالت نے یروشلم سےتعلق رکھنے والی ایک خاتون قیدی 45 سالہ نہایا صوان کو44 ماہ قید کی سزا سنائی ہے۔

فلسطینی کلب برائے امور اسیران ایک مختصر پریس بیان میں بدھ کی صبح کہا کہ بیت المقدس میں اسرائیل کی مرکزی عدالت نے نہایات صوان کو 44 ماہ قید کی غیر منصفانہ سزا سنائی ہے۔

قیدی صوان کو 17 اگست 2021 سے حراست میں لیا گیا تھا اور وہ دامون جیل میں بند 28 خواتین قیدیوں میں سے ایک ہے۔

صوان پر اسرائیل کےخلاف مزاحمتی کارروائیوں اور قابض کےحملوں کے متاثرین کے ساتھ یکجہتی کی سرگرمیوں میں حصہ لینے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button